Aaj News

جمعہ, اپريل 19, 2024  
10 Shawwal 1445  

مخالفین بجٹ میں ایک لفظ کی تبدیلی نہیں کرسکیں گے،وزیرعظم

شائع 28 اپريل 2018 10:50am
فائل فوٹو فائل فوٹو

ٹنڈوجام:وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ مخالفین بجٹ میں ایک لفظ کی تبدیلی نہیں کرسکیں گے،پاکستان کی تاریخ کا بہترین بجٹ پیش کیا۔

ہفتے کو وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے صوبہ سندھ کے شہر ٹنڈو جام میں گیس پروسیسنگ کی فیسیلٹی کا افتتاح کیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے وفاقی بجٹ کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ 65سالوں میں وہ کام نہیں ہوئے جو ن لیگ نے کئے، ناقدین کو مناظرے کا چیلنج کرتا ہوں۔

 شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اہم قومی منصوبوں کی تکمیل اور افتتاح کی خوشی ہے، او جی ڈی سی ایل نے ثابت کیا کہ اپنا کام مقرررہ وقت پر کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نہ صرف پرانے منصوبے مکمل کئے بلکہ نئے منصوبے بھی شروع کئے، ساڑھے 300 ٹن ایل پی جی یہاں سے نکل رہی ہے،ملک میں گیس کے معیار کو بہتر بنانے پر توجہ نہیں دی گئی تھی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ کراچی میں لوگ گھروں سے نکلنے سے گھبراتے تھے، آج دیہی اور شہری سندھ کی صورتحال آپ دیکھ لیں۔ لوگوں نے پیش گوئیاں کیں یہ حکومت نہیں چلے گی،حکومت نے اپنی مدت پوری کی اور منصوبے بھی مکمل کئے۔

انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ عوام دوست بجٹ پیش کیا گیا، تنقید ہوئی کہ حکومت کو یہ بجٹ پیش نہیں کرنا چاہیئے تھا، حکومت کو مینڈیٹ ملا ہے کہ آخری دن تک کام کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام پر جو ٹیکس 35 فیصد تک جاتا ہے وہ 15 فیصد پر ختم کردیا،ٹیکس ریفارمز پر تنقید کرنے والے پہلے اپنا ٹیکس ریکارڈ پیش کریں، ٹیکس ادا کرنا یا نہ کرنا آپ کی مرضی نہیں، ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔

شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ ہمیشہ سنتے آئے تھے تھر میں بہت کوئلہ ہے، حکومت محنت نہ کرتی تو تھر کا کوئلہ زمین میں ہی رہتا،کوشش ہے کہ ریکوڈک کے وسائل بھی ملک کے کام آئیں۔

 انہوں نے آئندہ حکومت بھی نون لیگ کی بننے کا دعویٰ کیااور کہا کہ اس بجٹ میں ایک لفظ بھی تبدیل نہیں ہوگا،آج سندھ کی ترقی کے بڑے دعویدار موجود ہیں،مخالفین کے کام دیکھ لیں اور ہمارے کام دیکھ لیں۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ اپنی جیبیں بھرنے والی حکومتیں عوام کی جیبیں نہیں بھرتی،منصوبوں کی تکمیل نون لیگ کے وژن کی عکاس ہے۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div