Aaj News

جمعہ, اپريل 19, 2024  
10 Shawwal 1445  

وفاقی حکومت نے تقریباً 22 کھرب روپے کا قرض واپس کر دیا

شائع 07 مارچ 2019 05:07am

sbpimage

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا تقریباً 22 کھرب روپے کا قرض واپس کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف کے تحفظات کے بعد حکومت نے مرکزی بینک کے قرضوں کی فوری واپسی شروع کر دی ہے۔ تاہم قرض کی یہ ادائیگی کمرشل بینکوں سے نیا قرض لے کر ہی کی گئی۔

وفاقی حکومت اب تک مرکزی بینک سے قرض لے کر پرانے قرضوں کی واپسی اور دوسرے اخراجات پورے کر رہی تھی، جس کے باعث فروری کے پہلے ہفتے کے اختتام تک مرکزی بینک سے لیے گئے حکومتی قرضوں کا مجموعی حجم 39 کھرب 5 ارب روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔

لیکن آئی ایم ایف کے تحفظات کے بعد حکومت نے مرکزی بینک کے قرضوں کی فوری واپسی شروع کر دی۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق فروری کے دوسرے ہفتے کے دوران حکومت نے مرکزی بینک کو 21 کھرب 73 ارب 50 کروڑ روپے کے قرضے واپس کیے، تاہم قرض کی واپسی کیلئے حکومت نے کمرشل بینکوں سے مجموعی طور پر 21 کھرب 10 ارب روپے کا قرض لیا۔

قرض کی واپسی کے بعد رواں مالی سال اب تک مرکزی بینک سے حکومتی قرضوں کا حجم 17 کھرب 31 ارب 92 کروڑ روپے رہ گیا، لیکن یہ قرض بھی گزشتہ مالی سال کے اس عرصے کے قرض سے 297 فیصد زیادہ ہے۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div