Aaj News

ہفتہ, اپريل 20, 2024  
11 Shawwal 1445  

حج انتظامات کے متعلق سعودی عرب اور ایران کے درمیان اہم معاہدہ

شائع 09 دسمبر 2019 03:34pm

سعودی عرب اور ایران کے درمیان طویل کشیدگی کے دوران ایک مثبت پیشرفت ہوئی ہے۔ دونوں ممالک  نے فریضہ حج سے متعلق انتظامات کے حوالے سے باہمی تعاون کےاہم معاہدے کی منظوری دی ہے۔

العربیہ کے مطابق اتوار کوسعودی وزارت حج و عمرہ کے حکام نے ایرانی حج و زیارت تنظیم کے ساتھ اس سال کے حج سیزن کے انتظامات کے معاہدے پر دستخط کیے۔

گزشتہ روز اسلامی جمہوریہ ایران کی حج تنظیم کے سربراہ علی رضا رشیدیان نے ایک اعلیٰ سطحی  وفد کے ہمراہ سعودی وزیر حج ڈاکٹر محمد صالح بن طاہر بنتن کے دفتر میں ان سے ملاقات کی۔

اس موقعے پر سعودی عرب کے نائب وزیر حج ڈاکٹر عبد الفتاح بن سلیمان مشاط اور متعدد دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان حج سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں آئندہ حج سیزن میں ایرانی حجاج کرام کو دی جانے والی سہولیات اور دیگر انتظامات پر بات چیت کی گئی۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر حج و عمرہ اور حج و زیارت تنظیم کے سربراہ نے حج سیزن کی تیاریوں کے حوالے سے باہمی تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے۔

اجلاس کے بعدجاری ہونے والی ایک  پریس ریلیز میں سعودی وزیر برائے حج وعمرہ نے کہا کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز دنیا بھر سے آنے والے عازمین حج وعمرہ کو بلا تفریق ہرممکن سہولیات فراہم کرنے کے خواہاں ہیں۔انہوں نے گذشتہ سال کےحج سیزن کے موقع پر ایرانی حجاج کرام کی طرف سے تعاون اور حج کے دوران امن وسکون کو برقرار رکھنے میں معاونت کر ان کا شکریہ ادا کیا۔

خیال رہے کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان گزشتہ کچھ عرصے سے سخت کشیدگی پائی جا رہی ہے۔ اس کشیدگی کے جلومیں دونوں ملکوں کا حج سے متعلق امور پر اتفاق خوش آئند قرار دیا جاتا ہے۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div