Aaj News

ہفتہ, اپريل 20, 2024  
11 Shawwal 1445  

'پاکستان کو شکست دینے کیلئے ہفتہ 10 دن کافی ہیں'

اپ ڈیٹ 30 جنوری 2020 06:56am

جنگی جنون میں مپبتلا بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ایک بار پھر بڑھک مارتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ماضی میں تینوں جنگوں میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا اور اگلی بارجنگ ہوئی تو بھارتی افواج اسے ہفتہ، 10 دن کے اندر دھول چٹا دیں گی۔

نئی دہلی میں طلبہ کو فوجی تربیت دینے والی حکومتی تنظیم نیشنل کیڈٹ کور (این سی سی) کے ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پر 2 فضائی حملوں کے بعد نہ صرف جموں و کشمیر میں بلکہ پورے بھارت میں امن ہے اور کہیں بھی کسی طرح کا دہشت گردانہ حملہ نہیں ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے جموں و کشمیر میں گزشتہ کئی دہائیوں سے پراکسی جنگ جاری رکھی ہوئی ہے، جس میں ہزاروں افراد اور سیکورٹی اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں، بھارتی افواج نے متعدد بار اپنی حکومت سے کارروائی کی اجازت مانگی لیکن نہیں دی گئی۔

مودی کا کہنا تھا کہ آج ملک نوجوان سوچ کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے، اس لیے اس نے دہشت گردوں کو سبق سکھانے کے لیے ان کے گھر میں داخل ہو کر سرجیکل اسٹرائیک اور فضائی حملے کیے۔

دوسری جانب پاکستان نے بھارتی وزیراعظم کے متشدد بیانات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس کا نوٹس لے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی انتہا پسند بیانیہ سے خطے کے امن و استحکام کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں تاہم کسی بھی جارحانہ اقدام کو ناکام بنانے کے لیے پاک افواج کو کمزور نہ سمجھا جائے۔ مودی کے بیانات بی جے پی کی انتہا پسند سوچ کے عکاس ہیں، پاکستان ان کے جنگ کو ہوا دینے والے بیان کو مسترد کرتا ہے۔

پاکستانی بیانیے میں کہا گیا کہ پاکستانی مسلح افواج اور عوام کے عزم کو کمزور نہیں سمجھنا چاہیے، بالاکوٹ میں بھارتی ایڈونچر کے دوران بھارتی طیاروں کو گرانا ہماری مسلح افواج کی تیاری کا ثبوت ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم مودی کا بیان بھارت کے پاکستان مخالف لاعلاج جنون کو ظاہر کرتا ہے۔ بی جے پی حکومت اندرونی اور بیرون تنقید سے توجہ ہٹانے کے لیے بھونڈی کوششیں کر رہی ہے۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div