Aaj News

ہفتہ, اپريل 20, 2024  
11 Shawwal 1445  

خصوصی عدالت کی تشکیل کوغیرآئینی قرار دینے کالاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ چیلنج

اپ ڈیٹ 04 فروری 2020 03:53am
فائل فوٹو

اسلام آباد:سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف خصوصی عدالت کی تشکیل کو غیر آئینی قرار دینےکے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔

سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کافیصلہ سنانے والی خصوصی عدالت کی تشکیل کو غیرآئینی قراردینے کا لاہورہائی کورٹ کا13 جنوری کافیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیاگیا۔

سابق صدر ہائی کورٹ بار راولپنڈی توفیق آصف نے حامد خان ایڈوکیٹ کے زریعے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ لاہور ہائی  کورٹ کو خصوصی عدالت کی تشکیل کے خلاف  درخواست پر سماعت کرنے کا اختیار نہیں تھا،ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں 18 ویں آئینی ترمیم کے بعد آرٹیکل 6 میں ترمیم کی صحیح تشریح نہیں کی،  ہائی کورٹ کے حکم نے آرٹیکل 6 جس کو آئین میں خاص اہمیت حاصل ہے کو غیر مؤثر کردیا ہے۔

درخواست کے مطابق پرویز مشرف 2016سے مفرور ہیں،اس وجہ سے ان کی عدم موجودگی میں ٹرائل چلانے کا حکم دیا گیا، پرویز مشرف کو عدالت میں پیش ہونے کے کئی مواقع دیئے گئے، ہائی کورٹ عدم موجودگی میں ٹرائل کرنے کے سپریم کورٹ کے فیصلے پر سوال نہیں اٹھا سکتی۔

درخواست میں کہا گیا کہ مصطفی ایمپیکس کیس کو اس مقدمے میں اپلائی نہیں کیا جاسکتا، ہائی کورٹ کے فیصلے سے لگتا ہے اسپیشل کورٹ کی تشکیل پر چیف جسٹس کے مشورے کی توہین کی گئی ہے،  لاہور ہائی کورٹ کے ججز نے فیصلہ دے کر خود اپنی تقرری کے 31جولائی 2009 کے فیصلے کی نفی کی ہے جبکہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی موجودگی میں ہائی کورٹ دائرہ سماعت کا اختیار استعمال نہیں کرسکتی تھی۔

درخواست  میں استدعا کی گئی کہ لاہور ہائی کورٹ کے فیصلےکو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کالعدم قرار دیا جائے۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div