Aaj News

جمعہ, اپريل 19, 2024  
10 Shawwal 1445  

قومی رابطہ کمیٹی کااجلاس : مساجد میں باجماعت نماز اور جمعہ محدود کرنے کا فیصلہ

شائع 26 مارچ 2020 03:32pm
فائل فوٹو

وزیراعظم کے زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں مساجد میں باجماعت نماز اور جمعہ محدود کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ تعلیمی ادارے31 مئی تک بند رہیں گے جبکہ ٹرانسپورٹ کے حوالے سے کل دوبارہ بیٹھک ہوگی۔

وزیراعظم کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں آرمی چیف، ڈی جی ائی ایس ائی، ڈی جی ائی ایس پی آر، وفاقی وزرا نے شرکت کی۔

اجلاس کے بعد حکومتی نمائندوں کے ہمراہ نے پریس بریفنگ میں کہا کہ مسلم اُمہ نے احتیاطی تدابیر کے طور پر اقدامات اٹھائے۔

 شیخ الازہر اور حرمین شریفین کی طرف سے بھی فتوی آیا ہے۔ ترکی، مصر اور مراکش سمیت بہت سارے ممالک نے مساجد کو بڑے اجتماعات کےلئے بند کر دیا ہے۔ تین دن سے مکہ مکرمہ اور مسجد اقصیٰ کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کربلا میں بھی مزار بند ہو چکے ہیں۔

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نے بتایا کہ آج علمائے کرام سے ساڑھے تین گھنٹے تک طویل نشست ہوئی۔ علمائے کرام نے اتفاق کیا ہے کہ حکومت جو بھی پالیسی بنائے گی، اس پر عمل کریں گے۔

پیر نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ مساجد کو بند نہیں ہونے دیں گے۔ مساجد سے اذان کی صدائیں آئیں گی تاہم مساجد میں پانچ وقت کی نماز اور جمعہ کی نماز کو محدود رکھا جائے گا۔ مسجد کا عملہ اور محدود تعداد میں تندرست لوگ نماز ادا کریں گے جبکہ باقی گھروں میں پڑھیں گے۔

میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے نیشنل کوارڈی نیشن کمیٹی بنائی گئی تھی جس کی آج پانچویں میٹنگ تھی۔ ہم وائرس سے نمٹنے کےلئے قومی حکمت عملی کے تحت چل رہے ہیں۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ 182 سے زائد ممالک میں کورونا وائرس پھیل چکا ہے۔ اس عالمی بحران کے پاکستان پر بھی اثرات آ رہے ہیں۔ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کےلئے شہری بھی اپنا کردار ادا کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے تاریخ کے سب سے بڑے معاشی پیکج کا اعلان کیا۔اب ہم نے معاشی پیکج پر عملدرآمد کروانا ہے۔ کام صوبوں کے ساتھ مل کر ہو رہا ہے۔ نیشنل کمانڈ سینٹر میں صوبوں کے نمائندے بھی بیٹھیں گے۔بہت سارے اوورسیزپاکستانی مالی امداد کرنا چاہتے ہیں۔وزیراعظم کل یا پرسوں بڑے اعلانات کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان کے تمام تعلیمی ادارے 31 مئی تک بند رہیں گے جبکہ ٹرانسپورٹ کے حوالے سے کل دوبارہ بیٹھک ہوگی۔

معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ایک ہزار 102 کورونو وائرس کے مریض ہیں۔ پچھلے چوبیس گھنٹے میں 102 مریضوں کا اضافہ ہوا ہے۔ مختلف ہسپتالوں میں 575 مریض داخل ہیں۔ ابھی تک 21 مریض مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے ہیں۔ پانچ مریضوں کی حالت تشویشناک جبکہ 8 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ ایران سے آنے والے زائرین کو مختلف صوبوں میں قرنطینہ کیا گیا ہے۔ زائرین میں سے ڈھائی ہزار کے پوزیٹو ٹیسٹ آئے۔

انہوں نے بتایا کہ انفیکشن بیماریوں کے ماہر ڈاکٹر فیصل کو کورونا وائرس کا فوکل پرسن بنایا گیا ہے۔ پانچ اپریل تک ڈاکٹرز،  نرسز اور طبی عملے کی حفاظت کےلئے درکار سامان وافر مقدارمیں دستیاب ہوگا۔

 ڈاکٹر ظفر مرزا نے عوام سے اپیل کی کہ عوام احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div