Aaj News

بدھ, اپريل 24, 2024  
15 Shawwal 1445  

کراچی میں حادثے کاشکار طیارے کاکاک پٹ وائس ریکارڈر مل گیا

شائع 28 مئ 2020 11:10am
فائل فوٹو

کراچی میں حادثے کاشکار ہونے والے پی آئی اے کے طیارہ حادثے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے،طیارے کاکاک پٹ وائس ریکارڈر مل گیا۔

ذرائع کے مطابق کراچی میں 22 مئی کو تباہ ہونے والے پی آئی اے کے طیارہ حادثےکی تحقیقات کیلئے فرانسیسی طیارہ کمپنی ایئر بس کی ٹیم  نے آج بھی جائے حادثہ کا دورہ کیااور شواہد اکٹھا کئے جہاں ماہرین کو طیارے کا کاک پٹ وائس ریکارڈر بھی ملا۔

ترجمان پی آئی اے نے کاک پٹ وائس ریکارڈ ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آج صبح نئے سرے سے کاک پٹ وائس ریکارڈر کی تلاش کا کام شروع کیا گیا تھا جس کے بعد جہاز کے ملبے کے نیچے دبا ہوا کاک پٹ وائس ریکارڈر مل گیا۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ کاک پٹ وائس ریکارڈرطیارہ حادثے کے تفتیشی بورڈکے حوالے کردیا گیا ،وائس ریکارڈرسےتحقیقاتی عمل میں مدد ملےگی۔

ذرائع کے مطابق کاک پٹ وائس ریکارڈر کی تلاش کیلئے پی آئی اے انجینئرنگ ،ٹیکنیکل گراؤنڈ سپورٹ اور سی اے اے ویجلنس کی خدمات بھی حاصل کی گئیں۔

دوسری جانب جائے حادثہ پر عمارتوں کی خصوصی انسپکشن کا ٹاسک بھی تحقیقاتی ٹیم کودے دیا گیا ۔

فرانسیسی ایئربس کی ٹیم جہاز گرنے کے مقام سے لے کر رن وے تک تحقیقات کو جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ جائے حادثہ سے ایئرپورٹ منتقل کئے گئے ملبے سے مذید شواہد اکٹھا کئے جارہے ہیں۔

آج دوپہر  کنٹرول ٹاور، اپروچ اور ریڈار کنٹرول کا دورہ کیا جائے گا، سول ایوی ایشن ہیڈ کوارٹر اور پی آئی اے ہیڈ آفس میں بھی غیرملکی ماہرین کو خصوصی بریفنگ دی جائے گی۔

ایئربس کمپنی کی تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے آج صبح سویرے طیارہ حادثہ کے مقام کا دورہ  بھی کیا گیا،  پی آئی اے حادثہ کے مقام پر ہیوی مشینری بھی منگوائی گئی ہے، تباہ شدہ جہاز کا ملبہ اٹھانے کا کام آج بھی کیا جائے گا ، گزشتہ شب آرمی فلیٹ بیٹ کی مدد سے جہاز کا بڑا ملبہ اٹھایا گیا تھا۔

یاد رہے کہ 22 مئی کو پی آئی اے کا لاہور سے کراچی آنے والا طیارہ رن وے سے چند سیکنڈ کے فاصلے پر آبادی پر گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں جہاز کے عملے سمیت 97 افراد جاں بحق جب کہ دو افراد معجزانہ طور پر بچ گئے تھے۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div