Aaj News

جمعہ, اپريل 19, 2024  
10 Shawwal 1445  

پاکستان یو این چارٹر کے تحت عالمی امن کیلئے کام جاری رکھےگا،آرمی چیف

اپ ڈیٹ 29 مئ 2020 10:18am
فائل فوٹو

راولپنڈی :آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان یواین چارٹرکے تحت عالمی امن کیلئے کام جاری رکھےگااور اس مقصد کے حصول کیلئے اس کا عزم مستحکم رہے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے یو این امن مشنز کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اپنی بہادر فورسز کی قربانیوں کے جذبے کی یاد مناتا ہے، امن کے پیامبر دنیا میں انسانیت کی خدمت میں مصروف ہیں۔

آرمی چیف نے مزید کہا کہ یواین چارٹرکے تحت عالمی امن کیلئے پاکستان کام جاری رکھےگااور اس مقصد کے حصول کیلئے اس کا عزم مستحکم رہے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یو این امن مشنز کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، اس سال یہ دن امن مشنز میں خواتین کے موضوع پر منایا جارہا ہے ۔

  پاکستان نے 30 ستمبر 1947 کو اقوام متحدہ میں شمولیت اختیار کی جبکہ اقوام متحدہ کے امن مشن کیلئے خدمات کا آغاز 1960ء میں ہوا، جب پاکستان نے کانگو میں اقوام متحدہ کے آپریشنز میں اپنا پہلا دستہ تعینات کیا، جس کے بعد مسلسل 60 سالوں سے پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشن کو پوری دنیا میں نافذ کرنے میں معاون رہا ہے،عالمی رہنماوٴں اور اقوام متحدہ کی قیادت نے عالمی سطح پر پاکستان کی پرامن فوج کی کارکردگی کو بڑے پیمانے پر تسلیم کیا ہے۔

  پاکستان نے دنیا کے28ممالک میں دو لاکھ سے زیادہ فوج کے ہمراہ 46 مشترکہ مشنز میں حصہ لیا ، ان ہنگامہ خیز خطوں میں انسانیت کی مدد کرنے اور امن بحال رکھنے کیلئے 157 پاکستانی جوانوں اور 24 افسران سمیت نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

  پاک فوج کے دستے کانگو، وسطی افریقی جمہوریہ، جنوبی سوڈان، دارفور، صومالیہ، مغربی صحارا، مالی،اور قبرص میں خدمات انجام دے رہے ہیں ، پاکستان وہ واحد ملک ہے ، جس نے پسماندہ ملکوں میں مشکل حالات سے نمٹنے کیلئے خواتین کی نمائندگی اور درجہ بندی پر خصوصی توجہ دی ۔

پاکستان امن سلامتی آپریشنز میں خواتین کو بھیجنے والا واحد ملک ہے ، پاکستانی خواتین کے15رکنی امن دستے کو حال ہی میں بہترین کارکردگی پر تمغوں سے نوازا گیا۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div