فلم پدماوتی کی ریلیز کیخلاف انتہا پسند سڑکوں پر، سنیما پر حملہ

شائع 18 جنوری 2018 02:16pm
File Photo File Photo

دپیکا پاڈوکون کی فلم پدماوتی کی ریلیز کیخلاف ہندو انتہا پسند سڑکوں پر آگئے اور سنیماوں میں توڑ پھوڑ کی ہے۔ راجپوتوں کے ایک مخصوص گروپ شری راجپوت کرنی سینا  فلم کی ریلیز سے متعلق عدالتی فیصلے کیخلاف بھی سپریم کورٹ میں اپیل دائر کریں گے۔

اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کرنی سینا کے سربراہ سکھ دیو سنگھ نے کہا ہے کہ وہ اس حوالے سے بھارتی صدر سے بھی رابطہ کریں گے اور یہ فلم کسی صورت بھی ریلیز ہونے نہیں دی جائیگی۔

پہلے سپریم کورٹ کی جانب سے پدماوتی فلم کو ریلیز کرنے کی اجازت دے دی گئی تھی اس فیصلے کو متعلقہ گروپ کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور کہا گیا  کہ چند دن پہلے ہی سپریم کورٹ کے سینئر ججز نے کورٹ کے طریقہ کار پر تحفظات کا اظہار میڈیا میں کیا تھا۔

سکھ دیو سنگھ نے مزید کہا کہ ان کی جانب سے پہلے ہی خط وزیراعظم نریندر مودی کو بھیجا جاچکا ہے اور ان کی بہت جلد بھارتی صدر سے بھی ملاقات متوقع ہے۔

راجپوت کرنی سینا کے راجستھان کے سربراہ ماہی پال سنگھ نے اپنے بیان میں کہا گیا ہے کہ فلم کی ریلیز کیخلاف تمام راجپوت سڑکوں پر نکل کر احتجاج کریں گے اور اس حوالے سے سنیما مالکان بھی ان کی حمایت کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاہم فلم کی ریلیز کے بعد کسی قسم کا امن و امان کا مسئلہ پیدا ہوتا ہے تو حکومت ، عدالت اور فلمی تنظیم سی بی ایف سی اسکی ذمے دار ہوگی۔

فلم پدماوتی رواں ماہ پچیس جنوری کو ریلیز ہورہی ہے اور فلم میں دپیکا پاڈوکون نے پدماوتی کا کردار نبھایا ہے جبکہ ان کے مقابل رنویر سنگھ نے علاو الدین خلجی کا کردار نبھایا ہے جبکہ شاہد کپور اس میں مہاروال سنگھ کا کردار نبھار ہے ہیں۔

Courtesy: Zee News