سی جے ایس سی جنرل زبیر حیات کی زیر صدارت اہم اجلاس

شائع 03 جولائ 2018 09:20pm

zubairimage

مسلح افواج کی قیادت نے خطے میں سلامتی کے تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہیں ملکی دفاع کو ہر لحاظ سے یقینی بنانے کیلئے تمام اقدام کرنے کا عزم دہرایا ہے ۔

 عسکری قیادت نے ملک سے دہشتگردی کو اکھاڑ پھینک دینے اور پاک چین اقتصادی راہداری کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کا عزم بھی ظاہر کیا ہے ۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق راولپنڈی میں جائینٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا اجلاس اس کے چیئرمین جنرل زبیر حیات کی زیرصدارت ہوا ۔

اس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان ، سینئر عسکری آفسیرز ، وزارت دفاع اور دفاعی پیداوار ڈویژن کے اعلی حکام نے شرکت کی ۔

 اجلاس کو خطے کی سلامتی صورتحال اور ڈاکٹرائن ، روایتی دفاعی صورتحال اور فوجی صلاحیتوں کے حوالے سے تیزی سے بدلتی حالات پر بریفنگ دی گئی ۔

 فوجی قیادت نے سکیورٹی چیلنجز کے مکمل ادراک کا اظہار کرتے ہوئے ملکی دفاع کے ہر شعبے میں تمام اقدام کرنے کا عزم ظاہر کیا ، متعلقہ قومی فریقین اور عوام کی مدد سے ملک سے دہشت گردی کو ختم کردینے کیلئے بھی یقین کا اظہار کیا گیا۔

 عسکری قیادت نے پاک چین اقتصادی راہداری کو مکمل تحفظ دینے کے عزم کو دہرایا جبکہ دفاع وطن کیلئے پاک فوج کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا ، ملک سے تشدد اور دہشتگردی کے خاتمے کی خاطر فورسز کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے پاک افغان سرحد کو محفوظ بنانے کے اقدام کی تعریف کی گئی۔

اجلاس کے شرکاء نے پاک افغان تعلقات میں بہتری کے اقدامات کو بھی سراہا جبکہ چیئرمین کمیٹی نے مسلح افواج میں تعاون اور رابطوں پر مکمل اطیمنان کا اظہار کیا ۔