بھارت:ثقافتی شو کے دوران اسٹیج پرشدید آگ بھڑک اٹھی
ممبئی:بھارت کے شہر ممبئی میں ثقافتی شو کے دوسرے ہی دن اسٹیج پر شدید آگ بھڑک اٹھی۔ شو میں معروف اداکار امیتابھ بچن اور مسٹر پرفیکٹ عامر خان بھی موجود تھے۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی میں ہونے والے شو کے دوران آگ نے اچانک اسٹیج کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور دیکھتے ہی دیکھتے شعلے آسمان سے باتیں کرنے لگے۔
شو میں اس وقت امیتابھ بچن، عامر خان سمیت بہت سے فنکار موجود تھے، تاہم سب کو بحفاظت پنڈال سے نکال لیا گیا۔مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ دیونندرا فیڈناوس نے کہا کہ واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔
شو میں لگی آگ بجھانے کیلئے پندرہ فائر انجنوں نے امدادی کاموں میں حصہ لیا۔میک ان انڈیا کے نام سے ہفتہ بھر منعقد ہونے والے ثقافتی پروگرام کا مقصد غیرملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا ہے۔ گزشتہ روز بھی ایک شو ہوا تھا جس میں سویڈن اور فن لینڈ کے وزرائے اعظم سمیت انتہائی اعلیٰ ملکی و غیرملکی شخصیات موجود تھیں۔














اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔