Aaj News

منگل, اپريل 23, 2024  
15 Shawwal 1445  

ریپ کے مجرم کو "نامرد" بنانے کا قانون غیراسلامی قرار

اسلامی نظریاتی کونسل (سی آئی آئی) نے فوجداری قانون (ترمیمی)...
شائع 28 اکتوبر 2021 11:46am
تصویر: اسٹاک فوٹوز
تصویر: اسٹاک فوٹوز

اسلامی نظریاتی کونسل (سی آئی آئی) نے فوجداری قانون (ترمیمی) آرڈیننس 2020 کے تحت ریپ کے مجرم کو "نامرد" بنانے کے قانون کو غیر اسلامی قرار دیا ہے۔

سی آئی آئی کے 225 ویں دو روزہ اجلاس کے جاری کردہ بیان کے مطابق، اسلامی نظریاتی کونسل نے ڈاکٹر قبلہ ایاز کی زیر صدارت اپنے اجلاس میں رائے دی ہے کہ اس سزا کی جگہ متبادل مؤثر سزائیں تجویز کی جائیں۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال وزیراعظم عمران خان نے سیالکوٹ موٹر وے پر اجتماعی عصمت دری کے واقعے کے چند دن بعد، مستقبل میں اس جرم کے ارتکاب سے بچنے کے لیے جنسی مجرموں کے "کیمیکل کاسٹریشن" کی تجویز دی تھی۔

اس کے بعد وفاقی کابینہ نے انسداد عصمت دری (تحقیقات اور ٹرائل) آرڈیننس، 2020، اور پاکستان پینل کوڈ (ترمیمی) آرڈیننس، 2020 کی اصولی منظوری دی۔ بعد میں آئی ٹی نے اس معاملے پر سی آئی آئی سے رائے طلب کی۔

وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے قانون کو حتمی شکل دینے کے لیے ایک اجلاس کی صدارت کرنے کے بعد کہا تھا کہ 'اس قانون میں جنسی مجرموں کے لیے کیمیکل کاسٹریشن اور سزائے موت سمیت سخت سزائیں تجویز کی گئی ہیں۔'

اجلاس میں مدارس، عصری تعلیمی اداروں اور جامعات میں غیراخلاقی واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایچ ای سی، وزارت تعلیم، صوبائی وزارت تعلیم کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا گیا، جس میں میں اخلاقی اقدار کی پاسداری اور جنسی ہراسگی کے انسداد کے متعلق جامع لائحہ عمل اختیار کرنے کے لیے قومی تعلیمی کانفرنس بلانے کی تجویز دی جائے گی۔

کونسل نے وفاق ہائے مدارس کو بھی خطوط لکھنے کا فیصلہ کیا جس میں زور دیا جائے گا کہ وہ مدارس میں اس موضوع پر کھلے مکالمے اور مباحثے کی ابتدا کریں۔ مفتی تقی عثمانی اور دیگر جید علما کرام اس کی شروعات کریں۔

کونسل نے رویت ہلال پر قانون سازی کے بل کی تائید کی اور تجویز دی کہ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں رویت ہلال پر تربیتی سیشنز کا انعقاد کیا جائے۔ کونسل نے تعلیمی اداروں میں عربی لازم کرنے کے بل 2020 کی تائید کرتے ہوئے تجویز دی کہ ثانوی تعلیمی اداروں میں فارسی ، ترکی اور چینی زبان کو بھی بطور اختیاری مضمون نصاب میں شامل کیا جائے۔

کونسل نے وزیراعظم کی جانب سے رحمۃ اللعالمین اتھارٹی کے قیام کو مستحسن اور مثبت نتائج کا پیش خیمہ قرار دیا اور اپیل کی کہ دینی مدارس میں قرآنی گارڈنز متعارف کرائے جائیں۔

کونسل نے ملتان میں عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس میں حورِ جنت کے نام پر کئے جانے والے عمل کو نامناسب قرار دیا اور پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس واقعے کی تحقیقات کر کے ذمہ داران کو سزا دی جائے۔ کونسل نے نعت خوانی، مرثیہ، قصیدہ اور نوحوں کو گانے کی طرز پر پیش کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے مذہبی رسومات اور مذہبی عقائد کی ادائیگی کے لیے معیار مقرر کرنے کی تجویز دی ہے۔

Rape

Council of Islamic Ideology

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div