Aaj News

جمعرات, مارچ 28, 2024  
17 Ramadan 1445  

امریکا میں عبادت گاہ کو یرغمال بنانے والا برطانوی شہری ملک فیصل اکرم نکلا

ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی نمائندہ اٹارنی نے واضح کیا کہ اس واقعے سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے
شائع 17 جنوری 2022 03:22pm

واشنگٹن: امریکی فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) نے امریکی ٹیکساس کی عبادت گاہ کو یرغمال بنانے والے شخص کی شناخت 44 سالہ برطانوی شہری ملک فیصل اکرم کے نام سے کی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ بظاہر وہ اکیلا کام کر رہا تھا۔

ڈان اخبار کی رپوٹ کے مطابق ٹیکساس کے کولیویل میں بیت اسرائیل کی عبادت گاہ کا بحران ہفتے کی رات اس وقت ختم ہوا جب ایف بی آئی کے ایجنٹوں نے عمارت پر چھاپہ مارا، چاروں یرغمالیوں کو بازیاب کرایا اور اغوا کار کو ہلاک کر دیا۔

کولی ویل پولیس کی طرف سے جاری کردہ ایک مختصر بیان میں کہا گیا کہ ایف بی آئی فیلڈ آفس، ڈیلاس کے اسپیشل ایجنٹ انچارج میتھیو ڈی سارنو نے کہا یرغمال بنانے والا برطانوی شہری 44 سالہ ملک فیصل اکرم ہے۔

مزید براں لندن میں مقتول مسلح شخص کے اہل خانہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہاکہ "ہم ایک خاندان کے طور پر بالکل تباہ ہو چکے ہیں" لیکن "ہم ابھی زیادہ کچھ نہیں کہہ سکتے کیونکہ ایف بی آئی کی تحقیقات جاری ہیں"۔

اس کے علاوہ پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں جبکہ کسی اور کے ملوث ہونے کے شواہد نہیں ملے ہیں۔

پولیس نے مزید بتایا کہ اس سے قبل اغوا کار نے اپنی شناخت محمد صدیق کے نام سے کی تھی اور خود کو امریکی جیل میں قید عافیہ صدیقی کا بھائی ہونے ک دعوی کیا تھا۔

تاہم ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی نمائندہ اٹارنی نے واضح کیا کہ اس واقعے سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے جبکہ وہ شخص عافیہ صدیقی کا بھائی نہیں ہے۔

Texas

USA

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div