Aaj News

جمعرات, اپريل 25, 2024  
16 Shawwal 1445  

وفاقی حکومت کا تحریک انصاف کو لانگ مارچ کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ

پی ٹی آئی کا کوئی لانگ مارچ نہیں بلکہ یہ فتنہ فساد کا لانگ مارچ ہے، کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ پی ٹی آئی کو لانگ مارچ کے نام پر فتنہ فساد پھیلانے کی اجازت نہیں دے رہے، انہیں روکا جائے گا، وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ
اپ ڈیٹ 24 مئ 2022 11:57pm
شہریوں اور تاجروں کی جان مال کی ذمہ داری موجودہ حکومت پر ہے۔  فوٹو — آج نیوز/ اسکرین گریب
شہریوں اور تاجروں کی جان مال کی ذمہ داری موجودہ حکومت پر ہے۔ فوٹو — آج نیوز/ اسکرین گریب

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو لانگ مارچ کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد اسلام آباد میں وفاقی وزراء کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کا کوئی لانگ مارچ نہیں بلکہ یہ فتنہ فساد کا لانگ مارچ ہے، کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ پی ٹی آئی کو لانگ مارچ کے نام پر فتنہ فساد پھیلانے کی اجازت نہیں دے رہے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ تحریک انصاف کو روکا جائے گا تاکہ یہ گمراہی اور قوم کو تقسیم کرنے کے ایجنڈے کو آگے نہ بڑھاسکے، ان لوگوں نے اس سے پہلے بھی 2014 میں یہ سب کیا، یہ اب گالیوں سے گولیوں پر آگئے ہیں، اس کا ثبوت لاہور میں ایک پولیس اہلکار کی شہادت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ویسے یہ بڑے بہادر بنے پھرتے ہیں لیکن اب ان کی ساری قیادت پشاور میں اکٹھی ہے، کوئی اپنے گھروں پر نہیں، ساری لیڈر شپ کے پی کے سارے وسائل اور صوبائی فورسز کو ساتھ لے کر وفاق پر حملہ آور ہونے آرہےہیں، یہ وہاں سے بڑے جتھے کی صورت میں کل آنا چاہتے ہیں۔

لیگی رہنما نے مزید کہا کہ ایسا جتھا جس کی کوئی آئینی و قانونی حیثیت نہ ہو، جو سرکاری وسائل کو غیر آئینی و غیرقانونی طریقے سے وفاق پر حملہ آور ہونے آرہا ہو اسے کسی صورت اجازت نہیں دیں گے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمرانی فتنے کی گمراہی کا شکار لوگوں کو خبردارکرتا ہوں کہ اس گمراہی سے باہر نکلیں، یہ ایک قومی مسئلہ ہے اور ملک کی بقا کا مسئلہ ہے، یہ بد بخت قوم کو تقسیم اور گمراہ کرنا چاہتا ہے۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ پر امن احتجاج اور اظہار رائے سب کا حق ہے مگر یہ پر امن احتجاج کرنے نہیں آرہے، یہ اس سے پہلے بھی پر امن احتجاج کا نام لے کر آئے تھے پھر جو ہوا سب کے سامنے ہے۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے احتجاج کو خونی احتجاج کا نام دیا، اسی لے حکومت نے احتجاج روکنے کا فیصلہ کیا، ان کے ارادے سب کے سامنے ہیں، کسی کو بھی اسلام آباد کا محاصرہ کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، اسلام آباد کے شہریوں اور تاجروں کی جان مال کی ذمہ داری موجودہ حکومت پر ہے، اسے ہر قیمت پر نبھائیں گے۔

federal cabinet

Interior Minister

اسلام آباد

Rana Sanaullah

pti long march

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div