کپل شرما کے دن بدل گئے

شائع 06 دسمبر 2016 06:21am

kapil

ممبئی:بھارتی فلم انڈسٹری کے ہردلعزیز معروف مزاحیہ اداکار کپل شرما پر ان دنوں قسمت مہربان ہے جب ہی تو ایک کے بعد ایک کامیابی ان کا مقدر بن رہی ہے۔

گزشتہ ہفتے ایک بھارتی ویب سائٹ کی جانب سے سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی  شخصیات میں کپل نے بولی وڈ کنگ شاہ رخ خان کو پیچھے چھوڑتے ہوئے  فہرست میں دوسری پوزیشن حاصل کی تھی۔

اور اب آمدنی کے لحاظ سے بھی انہوں نے سب  کو پیچھے چھوڑ دیا ہے،انڈین ایکسپریس کے مطابق کپل نے بھارتی نجی چینل  سونی کے ساتھ ایک بڑا معاہدہ کیا ہے جس کے مطابق  ہائی ریٹنگ اور شو کی دن بدن بڑھتی ہوئی مقبولیت کے پیش نظر سونی نے کپل کے ساتھ ایک بڑی ڈیل سائن کی ہے۔

معاہدے کے مطابق  کپل مزید ایک سال(2017کے آخر تک) تک سونی ٹی وی کے ساتھ منسلک رہیں گے اور  اپنی مزاحیہ اداکاری سے لوگوں کو محظوظ کرتے رہیں گے ،یہ ہی نہیں چینل انہیں سالانہ 110 کروڑ  روپے اداکرے گا۔جبکہ اس سے قبل کپل  ایک شو کے 60-80 لاکھ روپے لیتے تھے۔

اس معاہدے کے ساتھ ہی کپل کا شمار  بولی وڈ کے بڑے اداکاروں میں کیا جانے لگا ہے جن کی آمدنی 100 کروڑ سے زائد ہے۔