Aaj News

بدھ, اپريل 17, 2024  
08 Shawwal 1445  

ٹاؤنٹن: کینگروز کا پاکستان کو جیت کیلئے 308 رنز کا ہدف

اپ ڈیٹ 12 جون 2019 01:37pm

pak

ٹاؤنٹن: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جارہے ورلڈکپ کے 17 ویں میچ میں کینگروز نے پاکستانی ٹیم کو جیت کیلئے 308 رنز کا ہدف دے دیا۔

انگلینڈ کے شہر ٹاؤنٹن کے کاؤنٹی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے ورلڈ کپ کے 17 ویں میچ کا ٹاس قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

آسٹریلیا کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49 اوورز میں 307 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی۔ اوپنرز ڈیوڈ وارنر نے 107 اور ایرون فنچ نے 82 رنز کی اننگز کھیلیں۔

اس کے علاوہ مارش 23، میکسویل اور کیری نے 20، 20 اور عثمان خواجہ نے 18 رنز اسکور کئے۔

پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 آسٹریلوی بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

محمد عامر 5 وکٹیں حاصل کرکے 10 وکٹوں کے ساتھ ٹورنامنٹ کے ٹاپ وکٹ ٹیکر بن گئے۔

اس کے علاوہ شاہین شاہ آفریدی نے 2 جبکہ حسن علی، وہاب ریاض اور محمد حفیظ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

42 اوورز کے اختتام پر آسٹریلیا کا اسکور 277 رنز تھا جبکہ ان کی صرف 4 وکٹیں گری تھیں تاہم پاکستانی گیند بازوں نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا کے اسکور کو 307 رنز تک محدود کردیا۔

کینگروز کیخلاف پاکستان کا ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

ٹاؤنٹن: پاکستان نے آسٹریلیا کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا  فیصلہ کرلیا۔

قومی ٹیم میں ایک اور آسٹریلوی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، اسپنر شاداب خان کی جگہ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی گرین شرٹس میں شامل ہیں۔

انجری کے شکار مارکس اسٹوئنس اور ایڈم زمپا کی جگہ شان مارش اور کین رچرڈسن کو گیارہ رکنی آسٹریلوی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

ٹیم پاکستان کے ٹورنامنٹ کی سب سے مضبوط ٹیم انگلینڈ کو زیر کرنے کے بعد حوصلے بلند ہیں، بیٹسمین فارم میں ہیں بولرز بھی ردھم حاصل کرچکے ہیں۔

قومی ٹیم امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم، محمد حفیظ، کپتان سرفراز احمد، شعیب ملک، آصف علی، وہاب ریاض، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور محمد عامر پر مشتمل ہے۔

آسٹریلوی ٹیم میں ڈیوڈ وارنر، کپتان ایرون فنچ، عثمان خواجہ، اسٹیون اسمتھ، شان مارش، گلین میکسویل، الیکس کیری، نیتھن کولٹر نیل، پیٹ کمنس، مچل اسٹارک اور کین رچرڈسن شامل ہیں۔

میگا ایونٹ میں دونوں ٹیمیں اب تک 9 بار آمنے سامنے آئی ہیں اور آسٹریلوی ٹیم کا پلڑا بھاری رہا ہے، گرین شرٹس نے 4 اور کینگروز نے 5 میچز میں کامیابی سمیٹی۔

گزشتہ روز کی بارش کے بعد ٹاؤنٹن میں موسم خشک اور سرد ہے جب کہ شہر میں ہوائیں چل رہی ہیں اور درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالیں تو آسٹریلوی ٹیم 4 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے جبکہ پاکستان 3 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر موجود ہے۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div