Aaj News

جمعرات, اپريل 25, 2024  
16 Shawwal 1445  

ورلڈکپ: کینگروز کیخلاف پاکستان کو 41 رنز سے شکست

شائع 12 جون 2019 05:00pm

aus

ٹاؤنٹن: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جارہے عالمی کپ 2019 کے 17 ویں میچ میں کینگروز نے شاہینوں کو 41 رنز سے شکست دے دی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی ٹیم 308 رنز کے تعاقب میں 266 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، امام الحق نے 53، محمد حفیظ نے 46، وہاب ریاض نے 45، سرفراز احمد نے 40، حسن علی نے برق رفتار 32 اور بابر اعظم نے 30 رنز اسکور کئے۔

سینیئر بلے باز شعیب ملک اور اوپنر فخر زمان صفر کے اسکور پر آؤٹ ہوئے، اس کے علاوہ فیلڈ میں 2 اہم کیچز ڈراپ کرنے والے آصف علی بھی 5 رنز بناکر چلتے بنے۔

کینگروز کی جانب سے پیٹ کمنز نے 3، جھائے ریچرڈسن اور مچل اسٹارک نے دو دو جبکہ نیتھن کولٹر نائل اور ایرون فنچ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس میچ کا ٹاس پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے جیت کر آسٹریلین ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی تو کینگرو اوپنرز نے لاجواب کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار آغاز فراہم کیا۔

ایک موقع پر 42 اوورز کے اختتام پر آسٹریلیا کا اسکور 277 رنز تھا جبکہ ان کی صرف 4 وکٹیں گری تھیں تاہم پاکستانی گیند بازوں نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا کے اسکور کو 307 رنز تک محدود کردیا۔

آسٹریلیا کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49 اوورز میں 307 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی۔ اوپنرز ڈیوڈ وارنر نے 107 رنز اسکور کئے، یہ پاکستان کیخلاف ان کی مسلسل تیسری سینچری ہے۔

اس کے علاوہ کپتان ایرون فنچ 82، مارش 23، میکسویل اور کیری 20، 20 اور عثمان خواجہ نے 18 رنز اسکور کرسکے۔

پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 آسٹریلوی بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

محمد عامر 5 وکٹیں حاصل کرکے 10 وکٹوں کے ساتھ ٹورنامنٹ کے ٹاپ وکٹ ٹیکر بن گئے۔

اس کے علاوہ شاہین شاہ آفریدی نے 2 جبکہ حسن علی، وہاب ریاض اور محمد حفیظ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ڈیوڈ وارنر کو شاندار سینچری اسکور کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div