Aaj News

بدھ, اپريل 24, 2024  
15 Shawwal 1445  

'ہم ایلیٹ کلاس نہیں پسے ہوئے طبقے کی جنگ لڑرہے ہیں'

شائع 31 دسمبر 2019 03:20pm
فائل فوٹو

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اینٹی نارکوٹکس فورس کو داغدار کرنے کےلئے میڈیا میں مہم چلی، جنگ لڑنے والے ادارے کا استحصال کیا گیا۔

وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کوبریفنگ میں فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ رانا ثناء کیس میں اینٹی نارکوٹکس فورس کے ڈی جی کو کابینہ میں بلایا گیا تھا۔انہوں نے تمام حقائق سامنے رکھے اور رانا ثنا کیس سے جڑی حقیقتیں بیان کیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے نہیں بلکہ عابد شیر علی کے والد نے رانا ثنا اللہ پرالزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے اثاثے آمدن سے زائد ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اے این ایف کو داغدارکرنے کےلئے میڈیا میں مہم چلائی گئی۔ جنگ لڑنے والے ادارے کا استحصال کیا گیا۔ قومی ادارے کا سیاسی عزائم اور معاملات سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان میں مزاج رہا ہے کہ کسی طاقتور کو پہلے پکڑا نہیں گیا تھا۔ اے این ایف قومی ادارہ ہے، اس کا فعال کردار انتہائی ضروری ہے۔ حکومت اگر اداروں کو مضبوط نہیں کرے گی تو ان کا وجود خطرے میں آئے گا۔ اے این ایف آئین اور قانون کے مطابق اپنا رول ادا کرے، حکومت اپنے ادارے کے ساتھ کھڑی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی قیادت میں سال کے اختتام کا آخری اجلاس منعقد ہوا جس میں 9 نکاتی ایجنڈے پرتفصیلی غورکیا گیا ۔کابینہ نے معصوم اور نہتے کشمیریوں پر ریاستی جبر کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ کابینہ نے وہاں مسلم مخالف قانون کی مذمت کی اور کہا کہ بھارت نسل پرست اور فسطائی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے جبکہ پانچ ماہ سے نہتے کشمیریوں پر بھی ظلم کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ کو رواں مالی سال کے اقتصادی اشاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ 72 سال ملک کو تباہ کرنے میں بہتر کرنے میں وقت لگے گا۔ 2020ء انشا اللہ سب کی زندگیوں میں بہتری کا سال ثابت ہوگا۔

 ان کا کہنا تھا کہ تجارتی خسارے میں 43 فیصد، رواں سال کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں گزشتہ سال کی نسبت 73 فیصد کمی آئی۔ درآمدات میں گزشتہ سال کی نسبت کمی، برآمدات میں اضافہ اور افراط زر میں کمی آئی ہے۔ زرمبادلہ کے ذخائر میں 14 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

فردوس عاشق نے کہا کہ ہم ایلیٹ کلاس نہیں پسے ہوئے طبقے کی جنگ لڑرہے ہیں۔ ماضی میں ایسی پالیسیاں بنائی گئیں جس میں طاقتور کو نوازا گیا۔ پہلی دفعہ غریب آدمی کےلئے پالیسیاں بنائی جا رہی ہیں۔ وزیراعظم نے ہدایت دی کہ پبلک سیکٹرڈویلپمنٹ کوزیادہ ترجیح دی جائے۔ احساس پروگرام دکھی لوگوں کومرہم لگائے گا ۔

معاون خصوصی  نے کہا کہ نیب آرڈیننس کے ذریعے سرمایہ کاروں کے راستے میں کانٹے چنے ہیں۔ انویسٹمنٹ ہوگی تو نوکریاں پیدا ہوں گی۔ صعنت کا پہیہ چلنے سے مہنگائی کم ہوگی۔ وزیراعظم نے 2020ء کو معاشی استحکام کا سال قرار دیا۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div