Aaj News

جمعرات, اپريل 25, 2024  
17 Shawwal 1445  

توشہ خانہ ریفرنس میں نواز شریف کے وارنٹ  گرفتاری جاری

اپ ڈیٹ 29 مئ 2020 04:03pm
فائل فوٹو

اسلام آباد:احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے وارنٹ  گرفتاری جاری کردیئے  جبکہ سابق صدر آصف زرداری کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور  کرلی ۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج اصغر علی نے سابق صدرآصف زرداری ،سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت  کی ،طلبی کے نوٹس کے باوجود نواز شریف اور آصف زرداری عدالت میں پیش نہ ہوئے جبکہ یوسف رضا گیلانی پیش ہوئے۔

نیب نے عدالت کو بتایا کہ نواز شریف اور آصف زرداری کو جاری سمن ان کی رہائش گاہوں پر وصول کروائے، مگر وہ عدالت پیش نہیں ہوئے ۔

اسد عباسی ایڈوکیٹ نے آصف  زرداری کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ آصف  زرداری علیل ہیں اس لئے آج حاضری سے استثنیٰ دیا جائے،جس پر ڈپٹی پرسیکیوٹر جنرل نیب نے درخواست کی مخالفت کی۔

 ڈپٹی پرسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر نے مؤقف اپنایا کہ ملزم کوعدالتی سمن کی تعمیل کراچکےہیں، سمن کی تعمیل کے باوجود ملزم عدالت سے غیر حاضر ہے،ملزم نواز شریف کے ناقابل ضمانت ورنٹ جاری کئے جائے ۔

سردار مظفر نے استدعا کی کہ نواز شریف کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے جبکہ آصف زرداری ،یوسف رضاگیلانی اورعبدالغنی مجید کو جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھیج دیا جائے، جس پر وکیل کی جانب سے آصف زرداری کا میڈیکل سرٹیفکیٹ عدالت میں جمع کرادیا گیا۔

 نیب کی استدعا پر عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے  جبکہ آصف زرداری کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔

جج احتساب عدالت نے کہا آصف زرداری کوصرف آج حاضری سے استثنیٰ دےرہاہوں، آئندہ سماعت پرآصف زرداری ہرصورت پیش ہوں۔

توشہ خانہ ریفرنس میں نیب نے یوسف گیلانی اورعبدالغنی مجید کو گرفتار کرنے کی بھی استدعا کی اور بتایا کہ نواز شریف اورآصف زرداری کو سمن ان کی رہائش گاہوں پروصول کرائے اور انور مجیداسپتال میں زیر علاج ہیں وہاں سمن وصول نہیں کئے گئے۔

احتساب عدالت نے نیب کی یوسف رضا گیلانی اور عبدالغنی مجید کو گرفتار کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے آصف زرداری سمیت تمام ملزمان کو 11جون کو ہرصورت پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

دوسری جانب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ رول کے مطابق سارے کام کئے، گاڑیوں کی قیمت ایف بی آر کو متعین کرنا چاہیئے تھی، اگر قانون کے مطابق نہ ہوتا تو مجھے سمری کیوں بھیجی گئی۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ  وزیراعظم ہوکر صدر کیخلاف کس طرح کیس بناتا ؟ اگر میں یہ کرتا تو میرے اوپر آرٹیکل چھ لگنا تھا۔

سابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ میں نیب زادہ نہیں نیب زدہ ہوں، جن لوگوں نے میرے اوپر کیسز بنائے وہ میرے وزیر بن گئے اور میں ان کا وزیراعظم ۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div