Aaj News

ہفتہ, اپريل 20, 2024  
11 Shawwal 1445  

چین: فوج میں استعمال کے لیے کورونا کی پہلی ویکسین منظور

چینی فوج نے اپنی صفوں میں استعمال کے لیے کورونا وائرس کی ایک...
شائع 30 جون 2020 01:16pm
سائنس

چینی فوج نے اپنی صفوں میں استعمال کے لیے کورونا وائرس کی ایک ویکسین کی منظوری دے دی ہے۔ یہ ویکسین چینی فوج کے ریسرچ یونٹ اور ایک بائیو ٹیک کمپنی نے تیار کی ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق چینی کمپنی کینسینو بائیولوجکس نے پیر کو اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کلینیکل ٹرائلز سے حاصل ہونے والے اعداد و شمار سے پتا چلتا ہے کہ فوجی صفوں میں استعمال کے لیے منظور ہونے والی اس ویکسین میں کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 سے بچانے کی صلاحیت موجود ہے۔

دنیا بھر میں متعدد کمپنیاں اور تنظیمیں کورونا وائرس کی عالمی وبا سے بچاؤ اور کووڈ 19 کے علاج کے راستے تلاش کرنے میں مصروف ہیں۔

کورونا کی وبا 2019 کے آخر میں چین کے شہر ووہان سے پھوٹی تھی اور اس کے بعد دنیا بھر میں پھیل گئی۔ اس وبا سے اب تک دنیا کے مختلف ممالک میں 5 لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

دنیا بھر میں عالمی ادارہ صحت کی شناخت کردہ لگ بھگ 17 ویکسینز کے کلینیکل ٹرائلز جاری ہیں۔ ان میں سے تقریباً آدھے کلینیکل ٹرائلز میں چینی کمپنیاں اور انسٹیٹیوٹس شامل ہیں۔

کینسینو بائیولوجکس کے مطابق چینی فوج نے 25 جون کو ایک سال کے لیے ویکسین کے استعمال کی منظوری دی ہے۔ یہ ویکیسن کینسینو بائیولوجکس اور ملٹری میڈیکل سائنسز کے ادارے بیجنگ انسٹیٹوٹ آف بائیوٹیکنالوجی نے مشترکہ طور پر تیار کی ہے۔

کمپنی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مزید منظوری کے بغیر اس ویکیسن کے استعمال میں توسیع نہیں کی جا سکتی۔

ابھی تک یہ واضح نہیں کہ چینی فوج میں اس ویکسین کو کتنے بڑے پیمانے پر استعمال کیا جائے گا۔ چین کی وزارت دفاع نے اس حوالے سے تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

کینسینو بائیولوجکس نے یہ بھی کہا ہے کہ یہ ضمانت نہیں دی جا سکتی کہ اس ویکسین کو کمرشل کیا جائے گا یا نہیں۔

عالمی ادارہ صحت کی فہرست کے مطابق دنیا میں مزید 131 ویکسیز کی تیاری تاحال کلینیکل ٹرائلز کے مرحلے تک نہیں پہنچی اور دنیا میں کسی بھی ویکسین کے استعمال کی تاحال منظوری نہیں ہوئی۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div