Aaj News

جمعہ, اپريل 19, 2024  
10 Shawwal 1445  

ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے سے کورونا پر کافی کنٹرول ہوا، شبلی فراز

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا پے کہ ایس او ...
شائع 04 جولائ 2020 12:24pm

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا پے کہ ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے پر عوام کے شکر گزار ہیں، اس سے کورونا پر کافی حد تک کنٹرول پایا گیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے ہیلتھ ورکرز کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے اسلام آباد میں پولی کلینک کا دورہ کیا اور لیڈی ہیلتھ ورکرز کو گلدستے پیش کئے۔

تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے اسمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی اپنائی جس سے کورونا کے کیسز میں کمی آئی، عمران خان کی اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی کو دنیا نے اپنایا، متحد ہوکر وبا کا مقابلہ کرنا ہے جبکہ بے یقینی، افواہوں اور ایسے بیانات دینے سے گریز کرنا ہوگا جس سے قومی یکجہتی میں دراڑیں پڑیں۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے پر عوام کے شکر گزار ہیں، اس سے کورونا پر کافی حد تک کنٹرول پایا گیا ہے، تاہم کورونا ابھی مکمل ختم نہیں ہوا لہذا خطرہ اب بھی موجود ہے، حکومت نے کورونا وبا کے دوران احساس پروگرام کے ذریعے مستحق لوگوں تک امداد پہنچائی، ایک سو پچاس ارب روپے میرٹ پر ایک کروڑ خاندانوں میں تقسیم کئے گئے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت نے سیاسی پوائنٹ اسکورنگ نہیں کی بلکہ سنجیدہ اقدامات کیے اور وبا کو کنٹرول کرنے میں کامیاب رہی، حکومتی کوششوں سے کورونا ٹیسٹنگ کی صلاحیت کو بڑھایاگیا، اگر ہم محتاط انداز سے ایس او پیز پر عملدرآمد کرتے رہے تو ہسپتال جلد ویران ہونگے اور کھیلوں کے میدان آباد ہونگے۔

شبلی فرازنے مزید کہا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے قیام کو 100 دن مکمل ہوگئے، این سی او سی نے وبا کو جس طرح موثر انداز میں کنٹرول کیا وہ قابل تحسین ہے، اس نے وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے دن رات کام کیا۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div