Aaj News

جمعہ, مارچ 29, 2024  
18 Ramadan 1445  

عمر اکمل کو سزا میں ڈیڑھ سال کمی بھی ناکافی لگنے لگی

لاہور: اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں قومی کرکٹرعمر اکمل کی آدھی سزا...
شائع 29 جولائ 2020 11:24pm

لاہور: اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں قومی کرکٹرعمر اکمل کی آدھی سزا معاف کردی گئی، پی سی بی کی جانب سے عائد تین سالہ پابندی کو ڈیڑھ سال کردیا گیا تاہم عمراکمل کا کہنا ہے کہ وہ اب بھی فیصلے سے مطمئن نہیں ہیں، سزا کو مزید کم کروانے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے بھی کھلاڑیوں نےغلطیاں کیں انہیں کیا سزا ملی اورمجھے کیا سزا ملی۔

آج نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر میں انڈیپینڈنٹ ایڈجیوڈی کیٹر جسٹس ریٹائرڈ فقیر محمد کھوکھر نے کیس کا فیصلہ سنایا۔ عمراکمل کی سزا تین سال سے کم کر کے ایک سال چھ ماہ کر دی گئی ہے۔

پی سی بی نے اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت عمر اکمل کو کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزیوں پر تین سال کی پابندی کی سزا سنائی تھی جسے کرکٹر نے چیلنج کیا تھا۔

خیال رہے کہ 2018 میں عمر اکمل نے میچ فکسنگ سے متعلق بیان دیا تھا جس کے بعد انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ انہیں 2015 کے ورلڈ کپ میں میچ فکس کرنے کی پیشکش ہوئی تھی۔

پی سی بی کی جانب سے اس بیان کو فوری نوٹس لیا گیا تھا جبکہ بورڈ کا انسداد کرپشن یونٹ بھی متحرک ہوگیا تھا۔

عمر اکمل کے مطابق ان کو فکسنگ کی پیشکش کرنے والے سابق ٹیسٹ کرکٹر ہیں اور اب امریکہ میں مقیم ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ 2015 کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران کچھ بک میکرز نے ان سے فکسنگ کے لیے رابطہ کیا تھا اورانہیں پرکشش معاوضے کی آفر بھی کی تھی۔

پاکستان سپر لیگ فائیو کے آغاز سے ایک روز قبل ہی فکسنگ کی اطلاعات ملنے پر معطل کرکے انہیں میچ کھیلنے سے روک دیا گیا تھا۔ جس کے بعد عمر اکمل کیخلاف الزمات ثابت ہونے پر انھیں سزا سنائی گئی تھی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے17 اپریل2020 میں کرکٹرعمر اکمل پر تین سال کی پابندی لگائی تھی جب کہ انہیں 20 فروری 2020 کو عبوری طور پر معطل کیا گیا تھا۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div