Aaj News

ہفتہ, اپريل 20, 2024  
11 Shawwal 1445  

پاکستان کےنامور کھلاڑيوں کاقومی کرکٹ ٹيم کیلئے نيک تمناؤں کااظہار

لاہور: انگلینڈ کیخلاف سیریز سے کیلئے دیگر کھیلوں سے تعلق رکھنے...
اپ ڈیٹ 30 جولائ 2020 07:55pm

لاہور: انگلینڈ کیخلاف سیریز سے کیلئے دیگر کھیلوں سے تعلق رکھنے والے نامور کھلاڑیوں نے قومی ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کردیا۔

آئندہ ہفتے اولڈ ٹريفورڈ مانچسٹر سے شروع ہونے والی آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سيريز سے قبل دیگر کھیلوں میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے عظیم کھلاڑيوں نے قومی کرکٹ ٹیم کیلئے نيک تمناؤں اور خواہشات کا اظہارکیا ہے۔

قومی کرکٹرز کے مارچ کے بعد پہلی مرتبہ جلوہ گر ہونے پرعالمی شہرت يافتہ کھلاڑيوں نے جہانگير خان کی سربراہی ميں پی سی بی پوڈکاسٹ کی چوبیسویں قسط کے ذریعےقومی کرکٹ ٹیم کیلئے اپنی مکمل اسپورٹ کا اظہار کیا ہے۔

اسکواش کے لیجنڈ جہانگیر خان کا کہنا ہے کہ ايک اسپورٹس مين کی حيثيت سے انہیں احساس ہے کہ ایک کھلاڑی کو کوويڈ 19 کے دوران تياری اور کھیل پر اپنی توجہ مرکوز رکھنے ميں کن دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا ہوگا۔

enter image description here

انہوں نے مزید کہا کہ دورہ انگلینڈ کو ہميشہ سے ہی ايک مشکل سيريز تصور کیا جاتا ہے اور موجودہ صورتحال میں تو اس سیریز کے دوران اسٹیڈیم میں تماشائیوں کی عدم موجودگی بھی کھلاڑیوں کیلئے ایک چیلنج ہوگا مگر انہیں یقین ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم شاندار فائٹنگ اسپرٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بہترین نتائج دے گی۔

انہوں نے کہا کہ دیگر مداحوں کی طرح وہ بھی قومی کرکٹ ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔

ہاکی کے عظیم کھلاڑی شہباز سینئر کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیائے کرکٹ میں پاکستان کا ایک خاص مقام ہے اور ان حالات میں جب پوری دنيا لاک ڈاون ميں ہے، یہ سیریز گھروں تک محدود تمام افراد کو تفریح کا ایک بہترین موقع فراہم کررہی ہے۔

ٹینس کی دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے اعصام الحق کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان اور انگلینڈ کے مابین پانچ اگست سے شروع ہونے والی سیریز کیلئے بہت پرجوش ہیں اور ان کی نيک تمنائیں قومی ٹیم کے ساتھ ہیں۔

انہیں امید ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم بھرپور جوش اور ولولے کے ساتھ میدان میں اترے گی اور قوم کا سر فخر سے بلند کرے گی۔

گولڈن گرل کے خطاب سے شہرت پانے والی سوئمر کرن خان نے کہا ہے کہ کسی بھی بریک کے بعد کھلاڑیوں کی گیم میں واپسی پر 100 فيصد کارکردگی کی گارنٹی نہیں دی جاسکتی۔

انہوں نے کہا کہ یہی وہ وقت ہے جب شائقين کو اپنی ٹیم کی بھرپور حوصلہ افزائی کرنی ہوگی تاکہ وہ عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرسکیں۔

اسنوکر کے سابق عالمی چیمپئن محمد آصف کا کہنا ہے کہ کرکٹ کی بحالی سے دیگر کھیلوں کی سرگرمیاں کے دوبارہ آغاز کی نوید ملتی ہے۔ وہ پرامید ہیں کہ یہ وباء جلد ختم ہوگی اور وہ ایک بار پھر دنیا بھر میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

قومی ریسلر انعام بٹ نے کہا ہے کہ اس وبائی صورتحال میں قومی کرکٹ ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف سیریز کیلئے بھیجنا پاکستان کرکٹ بورڈ کا ایک احسن اقدام ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان مشکل حالات میں سیریز کا انعقاد شائقین کرکٹ کیلئے کسی تحفے سے کم نہیں ہے۔

ماحور شہزاد نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو ایک بار پھر مسابقی کرکٹ کھیلتے دیکھنا ایک دلفریب لمحہ ہوگا، انہیں امید ہے کہ تمام کھلاڑی انگلینڈ کے خلاف سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنی ٹیم کی حوصلہ افزائی کیلئے اسٹیڈیم میں تو موجود نہیں ہوں گی تاہم ان کی تمام تر نیک تمنائیں پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہیں۔

کپتان قومی فٹبال ٹیم صدام حسین کا کہنا ہے کہ اس وباء نے کھیل اور کھلاڑی دونوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان حالات میں قومی کرکٹ ٹیم کو انگلینڈ بھیجنا دراصل پاکستان کرکٹ بورڈ کا ایک بہترین فیصلہ ہے۔

قومی خواتین فٹبال ٹیم کی گول کیپر سیدہ ماہپارا نے کہا ہے کہ ایک بریک کے بعد میدان میں واپسی کسی بھی ایتھلیٹ کیلئے آسان نہیں ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ یہ وہ موقع ہے جب تمام مداحوں کو اپنی ٹیم کی بھرپور حوصلہ افزائی کرنی ہے، ان کی نیک تمنائیں پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہے۔

اسکواش کے کورٹس میں پاکستان کا نام روشن کرنے والی دو بہنوں، مدینہ ظفر اور عائشہ ظفر نے بھی انگلینڈ کے خلاف سیریز سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ ایک طویل وقفے کے بعد میدان میں واپس آنے والی قومی کرکٹ ٹیم کیلئے نیک خواہشات رکھتی ہیں۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div