Aaj News

جمعرات, اپريل 25, 2024  
16 Shawwal 1445  

'عمران خان اب میں سیاست میں آکرتمہیں بتاؤں گاکہ نظام کیسے چلتاہے'

کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد پی سی بی کے...
شائع 11 اگست 2020 11:57pm

کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد پی سی بی کے حکام اور وزیراعظم عمران خان کی پالیسیوں پر پھٹ پڑے، کہتے ہیں کہ عمران خان اب میں سیاست میں آکر تمہیں بتاؤں گا کہ نظام کیسے چلتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ کرکٹ بورڈ میں ایسے لوگ بٹھائے ہوے ہیں جنہیں کرکٹ کی اے بی سی ڈی کا بھی نہیں پتا، وسیم خان نے کسی کی مدد کی ہوگی جس کے بدلے انہیں نوازا گیا۔

سابق کپتان کا کہنا ہے کہ جو لڑکے کرکٹ کھیل رہے ہیں ان کا مستقبل کرکٹ میں ہی ہونا چاہیئے، یہ نہیں کہ کھلاڑی بے چارے سڑکوں پر گاڑیاں چلائیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے عمران سے کہا تھا بینکوں کی کرکٹ ختم نہ کرے کیونکہ بے روزگاری پھیلے گی، آپ لوگوں کو روز گار نہیں دے سکتے بلکہ اُلٹا بے روزگار کردیا ہے۔

جاوید میانداد کا مزید کہنا ہے کہ عمران خان میں تمھارا کپتان تھا تم میرے نہیں، تمہیں چلانے والا ہی میں تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپ پتا نہیں کیا بن کر بیٹھے ہیں لگتا ہے کہ آپ کو کچھ معلوم نہیں ہے، سوچو اور اپنے ارد گرد کا جائزہ لو کہ کون کیا کررہا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ آپ کو جاوید میانداد برونائی میں بھی یاد آگیا تھا اور آپ میرے گھر آئے تھے تو وزیر اعظم بن کرگئے تھے۔

میانداد نے مزید کہا کہ میں پاکستانی ہوں اب میں سیاست پر بھی بات کروں گا۔ یہ جو کراچی لاہور والی باتیں ختم ہوئی تھیں دوبارہ شروع کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ہماری فورسز نے لوگوں کو ایک جگہ اکٹھا کیا اور اب دوبارہ دراڑیں ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

وسیم خان کے عہدے سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے سوال اُٹھایا کہ کیا پاکستان میں موجود لوگ مرگئے ہیں؟ پاکستانیوں سے کہتا ہوں کہ اپنے حق کیلئے اٹھیں۔ میں پاکستانیوں کی آواز بنوں گا اور مجھے اگلی دنیا کی فکر ہے۔

جاوید میانداد نے وزیراعظم کو مشورہ دیا کہ ہاکی، کرکٹ اور ہر شعبے میں پاکستانیوں کو آگے لے کر آؤ اور اپنے لوگوں کی مدد کرو۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div