Aaj News

جمعہ, اپريل 26, 2024  
17 Shawwal 1445  

'اپوزیشن کیساتھ بیٹھنےکیلئے تیارہیں لیکن بدعنوانی پرسمجھوتہ نہیں'

شبلی فراز نے کہا کہ حزب اختلاف کی جماعتیں اپنے ذاتی مفادات کے حصول کےلئے ملک میں انتشار پیدا کرنا اور امن وامان کی صورتحال خراب کرنا چاہتی ہیں۔
اپ ڈیٹ 20 ستمبر 2020 12:39am

وفاقی وزیرِ اطلاعات ونشریات شبلی فراز کہتے ہیں کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس سے متعلق بلوں کی پارلیمنٹ کی جانب سے حال ہی میں دی گئی متفقہ منظوری ملک کو ٹاسک فورس کی گرے لسٹ سے نکالنے کےلئے بے حد اہم ہے۔

مشیر داخلہ شہزاد اکبر کے ہمراہ ہفتے کو اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی میں منی لانڈرنگ کی روک تھام کےلئے کوئی قانون سازی نہیں کی گئی۔

شبلی فراز نے کہا کہ حزب اختلاف کی جماعتیں اپنے ذاتی مفادات کے حصول کےلئے ملک میں انتشار پیدا کرنا اور امن وامان کی صورتحال خراب کرنا چاہتی ہیں۔

حزب اختلاف کی کل جماعتی کانفرنس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایسے اجتماعات ناکام ہوچکے اور آئندہ بھی ان کا کوئی مثبت نتیجہ برآمد نہیں ہوگا۔

شبلی فراز نے نواز شریف کے حوالے سے کہا کہ وہ ایک سزا یافتہ مجرم ہیں جو علالت کا بہانہ کرکے ملک سے فرار ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت قانون سازی کےلئے حزب اختلاف کے ساتھ ملکر کام کرنے کو تیار ہے مگر بدعنوانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔

معیشت اور کوروناوائرس کی صورتحال میں بہتری پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیراطلاعات نے کہا کہ عوام کو معیشت کی بحالی کے ثمرات ملنا شروع ہوگئے ہیں۔

اس موقع پر شہزاد اکبر نے کہا کہ حزب اختلاف کی جماعتیں فیٹف سے متعلق بلوں کی حمایت کرنے کےلئے رعایات حاصل کرنا چاہتی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف نے قوم کو گمراہ کرنے کیلئے فیٹف سے متعلق بلوں کے خلاف پروپیگنڈا مہم بھی چلائی۔

امور داخلہ کے بارے میں وزیراعظم کے مشیر نے وضاحت کی کہ حکومت نے انسداد منی لانڈرنگ بل کو سادہ بنایا ہے اور گرفتاری کے اختیار کو ختم کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ کو پوری دنیا کی طرح قابل دست اندازی پولیس جرم بنادیا گیا ہے۔

ریڈیو پاکستان

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div