Aaj News

جمعرات, مارچ 28, 2024  
17 Ramadan 1445  

کوروناسےجن طلباکےوالدکاانتقال ہوااُنکی تعلیم مکمل مفت کرنےکااعلان

وزیر تعلیم سعید غنی کے اعلان کے مطابق سندھ میں تمام تعلیمی ادارے...
اپ ڈیٹ 26 ستمبر 2020 09:07pm

وزیر تعلیم سعید غنی کے اعلان کے مطابق سندھ میں تمام تعلیمی ادارے 28 ستمبر سے کھولے جارہے ہیں۔ پرائیویٹ اسکولوں کی نمائندہ تنظیموں نے آج ایک بڑا اعلان کردیا جس کے مطابق کورونا وائرس کے باعث جن طلباء کے والد کا انتقال ہوگیا ہے ان کی تعلیم مکمل مفت کردی گئی ہے جبکہ وائرس کے باعث جو والدین اپنے روزگار کے سلسلے میں متاثر ہوئے انھیں فیسیں ادا کرنے میں آسان سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

کراچی پریس کلب میں آل پرائیویٹ اسکولز مینیجمنٹ ایسوسی ایشن سندھ کے سربراہ سید طارق شاہ، پیک پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن سندھ کے سربراہ شہزاد اختر اور آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے سربراہ حیدر علی نے مشترکہ پریس کانفرنس کی جس میں کہا گیا کہ صوبہ سندھ میں اسٹیرنگ کمیٹی کی سب کمیٹی اور پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز کی باہمی مشاورت اور معاونت سے تعلیمی ادارے کھولے جانے کیلئے جو موڈیفائیڈ SOPsجاری کئے گئے ہیں وہ تمام تعلیمی اداروں کو اس تاکید کے ساتھ بھیجے گئے ہیں کہ ان SOPsپر انتہائی سنجیدگی اور ذمہ داری کے ساتھ عمل درآمد کیا جائے گا۔

تمام بچے گھر سے ماسک پہن کر آئیں گے، اسکولز کا تمام اسٹاف بھی تمام وقت ماسک پہنے گا، بچوں کے داخلے کے وقت درجہ حرارت چیک کیا جائے گا اور ہاتھوں کو سینیٹائز کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے کیلئے اسکولز بچوں کو شفٹ میں یا متبادل دنوں میں بلائیں گے، اسکولز کی عمارتیں اور کلاسز، ڈس انفیکٹ کروائے جا چکے ہیں، اور مزید اسپرے کرانے کا سلسلہ جاری رہے گا۔ کسی بھی طالب علم یا اسٹاف کی طبیعت ناساز ہونے یا کسی قسم کی علامات ظاہر ہونے پر اسے چھٹی دے دی جائے گی جبکہ اسمبلی، بریک ٹائم، اسپورٹس پیریڈ اور کھانے پینے کی کینٹین نہیں ہوں گی۔ والدین بچوں کو گھر سے ماسک، پانی کی بوتل اور لنچ لے کر بھیجیں گے۔ تمام اساتذہ کو SOPs کے ساتھ تدریس کی تربیت دی جارہی ہے۔

پرائیویٹ اسکولز مستحق طلبا و طالبات اور شہداء کے بچوں کو مفت تعلیم دیتے ہیں۔ اسی طرح جن بچوں کے والد کا کورونا وائرس کی وجہ سےانتقال ہو گیا ہے ان کی فیس کو مکمل طور پر معاف کرنے کا اعلان کیا گیا۔

جو والدین وائرس کے دوران اپنی پریشانی کے سبب کئی مہینوں کے فیس نہیں جمع کرا سکے ہیں، ان کیلئے تمام ایسوسی ایشنز نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ تمام پرائیویٹ اسکولز اپنے طلبا و طالبات کو ممکنہ حد تک فیس میں رعایت اور اقساط کی سہولت دیں گے۔اسٹیرنگ کمیٹی اور پرائیویٹ اسکولز کے رجسٹریشن آرڈیننس کے مطابق تمام اسکولز نئے داخلوں کیلئے والدین سے School Leaving Certificate طلب کرنے اور والدین یہ سرٹیفیکیٹ دینے کے پابند ہوں گے والدین اسکولوں سے تعلیمی عمل کی مستقل بحالی کیلئے اور ایس او پی پر عمل درآمد کیلئے اسکول انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں گے۔

رپورٹ: کامران شیخ، آج نیوز

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div