Aaj News

جمعہ, اپريل 19, 2024  
11 Shawwal 1445  

دانش عزیز کی ناقابل یقین بلے بازی، تنِ تنہا سندھ کو فتح دلوادی

راولپنڈی: نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے 23 ویں معرکے میں دانش عزیز نے...
شائع 13 اکتوبر 2020 07:03pm

راولپنڈی: نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے 23 ویں معرکے میں دانش عزیز نے ناقابل یقین بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سندھ کی ٹیم کو 2 وکٹوں سے فتح دلوادی۔ دانش نے آخری گیند پر چھکا لگاکر سندھ کو میچ جتوایا۔

تفصیلات کے مطابق 139 رنز کے تعاقب میں سندھ کے 7 بلے باز محض 34 رنز پر پویلین لوٹ گئے تھے مگر دانش عزیز اور انور علی نے لاجواب بلے بازی کرتے ہوئے ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔ دانش اور انور علی کے درمیان آٹھویں وکٹ کیلئے 77رنز کی شراکت داری قائم ہوئی۔

محمد رضوان کے ناقابل یقین کیچ کی بدولت انور علی 33 رنز بناکر آؤٹ ہوئے مگر دانش عزیز نے ہمت نہ ہاری۔ آخری اوور میں سندھ کو جیت کیلئے 19 رنز درکار تھے، دانش نے 2 فلک شگاف چھکے اور 2 چوکے لگائے۔ انہوں نے آخری گیند پر چھکا لگاکر سندھ کو فتحیاب بنایا۔

دانش عزیز کی میچ وننگ اننگز میں 4 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے، انہوں نے مجموعی طور پر 47 گیندیں کھیل کر 72 رنز بنائے۔ اس کے علاوہ انور علی نے بھی 33 رنز کی اننگز کھیلی۔

خیبرپختونخوا کے عثمان شنواری نے تین، عمران خان نے دو جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور مصدق احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل سندھ کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے خیبرپختونخوا کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بناسکی تھی۔ اختتامی اوورز میں عثمان شنواری نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 15 گیندوں پر 36 رنز بنائے تھے۔

اس کے علاوہ مصدق احمد نے 25 اور صاحبزادہ فرحان نے 19 رنز کی اننگز کھیلیں۔ سہیل خان حسن خان اور محمد حسنین نے دو دو جبکہ محمد اصغر اور انور علی نے ایک ایک بلے باز کو پویلین روانہ کیا تھا۔

سندھ کی ٹیم کو تنِ تنہا میچ جتانے والے دانش عزیز کو میچ کا ہیرو قرار دیا گیا۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div