Aaj News

جمعہ, اپريل 19, 2024  
10 Shawwal 1445  

رضوان کے ناقابل شکست 99 رنز بھی ٹیم کو فتح نہ دلواسکے

راولپنڈی: نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے 26 ویں معرکے میں سنٹرل پنجاب نے...
شائع 14 اکتوبر 2020 11:31pm

راولپنڈی: نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے 26 ویں معرکے میں سنٹرل پنجاب نے انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد خیبرپختونخوا کو 3 رنز سے شکست دے دی۔ رضوان کے ناقابل شکست 99 رنز بھی کے پی کو فتح نہ دلواسکے۔

تفصیلات کے مطابق پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں خیبرپختونخوا کی ٹیم سنٹرل پنجاب کی جانب سے دیئے گئے 174 رنز کے تعاقب میں 6 وکٹوں پر 171 رنز بناسکی۔ کپتان محمد رضوان نے 99 رنز کی شاندار اننگز کھیلی مگر وہ ٹیم کو فتح نہ دلواسکے۔

آخری 4 گیندوں پر کے پی کو جیت کیلئے 20 رنز درکار تھے، رضوان نے احسان عادل کو 2 چوکے اور ایک چھکا تو جڑدیا مگر وہ آخری گیند کو میدان کے باہر نہ پھینک سکے۔ محمد رضوان تنِ تنہا میچ کو آخری گیند تک لانے میں کامیاب رہے، انہوں نے مجموعی طور پر 68 گیندیں کھیل کر 6 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 99 رنز بنائے۔

اس کے علاوہ افتخار احمد نے 21، مصدق احمد نے 17 اور فخر زمان نے 14 رنز بنائے۔ سنٹرل پنجاب کے وقاص مقصود نے تین، احسان عادل نے دو اور فہیم اشرف نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل خیبرپختونخوا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سنٹرل پنجاب نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنائے تھے۔ عبداللہ شفیق 63 اور بابر اعظم 39 رنز بناکر نمایاں رہے تھے۔ اس کے علاوہ محمد اخلاق نے 29 گیندوں پر ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے جارحانہ نصف سینچری اسکور کی تھی۔ عثمان شنواری اور عمران خان سینئر نے دو دو وکٹیں حاصل کی تھیں۔

محمد اخلاق کو جارحانہ نصف سینچری اسکور کرنے پر میچ کا ہیرو قرار دیا گیا۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div