Aaj News

جمعہ, اپريل 19, 2024  
10 Shawwal 1445  

پنجاب میں بغیرڈولی کے سیاسی دلہن کے خلاف سپریم کورٹ جاؤں گا، شیخ رشید

عوام کوسڑکوں پرآنا ہوگا، شیخ رشید کا اعلان جنگ
شائع 24 جنوری 2023 02:08pm
تصویر: عمران خان/آفیشل فیس بک
تصویر: عمران خان/آفیشل فیس بک

سربراہ عوامی مسلم لیگ اورپی ٹی آئی کے اہم اتحادی شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پنجاب میں بغیر ڈولی کے سیاسی دلہن لائی گئی اور یہ شریف اور زرداری اینڈ کمپنی نے کیا ہے،عوام کو سڑکوں پرآنا ہوگا۔ سابق وزیرداخلہ نے نگراں وزیراعلیٰ محسن رضا نقوی کی تقرری کے خلاف سپریم کورٹ جانے کااعلان کرتے ہوئے حکومت کے خلاف اعلان جنگ کردیا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یہ الیکشن سے بھاگ رہے ہیں، 13 جماعتیں جانتی ہیں الیکشن میں انکی سیاسی موت ہے، ملک کو بچانے کا ایک ہی حل ہے کہ24 کروڑ لوگ سڑکوں پر آئیں اور فیصلہ چوک اور چوراہوں پر کریں۔

انہوں نے کہا کہ 5 روزہ دورے سے واپس آیا ہوں اورپنجاب میں بغیر ڈولی کے سیاسی دلہنیں آگئی ہیں اور عوامی مسلم لیگ اس بغیر ڈولی کے لائی جانے والی دلہن کے خلاف سپریم کورٹ جائے گی، ملک بچانے کے لیے عوام سڑکوں پر آںا ہوگا۔ بات سیاست سے آگے نکل گئی ہے اور ملک خانہ جنگی کی طرف جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کے بعد ملک سپریم کورٹ کے ہاتھ میں ہے، تمام اوورسیز پاکستانی کہتے ہیں ہم نے کیا گناہ کیا ہے، وہ عدالت کو کہیں ہم اصلی اور نسلی پاکستانی ہیں ووٹ کا حق اس لیے روکا جارہا ہے کہ یہ خوفزدہ ہیں ووٹ عمران کو پڑے گا۔ ملک میں معاشی ، اقتصادی اور سماجی تباہی ہی تباہی ہے اور اب توانائی کی بھی تباہی ہے اور یہ ٹارزن بنے ہھر رہے ہیں۔

کل سہ پہر 3 بج کر 5 منٹ پر لال حویلی سے خطاب کرنے کا اعلان کرنے والے شیخ رشید نے کہا کہ یہ نہیں ہو سکتا کہ ملک دربدر ہورہا ہو اور کوئی والی وارث نہ ہو۔غریب کے پاس آٹا نہیں نہ بچوں کی فیس ہے، زرمبادلہ کے ذخائر 4 بلین سے بھی نیچے چلے گئے ہیں۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کو تنقید کا نشانہ بنانے والے شیخ رشید نے کہا کہ محسن رضا نقوی آصف زرداری کا فرنٹ مین ہے جس نے پلی بارگین کی ہوئی ہے، یہ سمجھ رہے ہیں کہ 60 فیصد آبادی والے صوبے میں یہ سمجھ رہے ہیں جھرلو چلے گا لیکن یاد رکھیں لوگوں نے ان کا مرلو چلا دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگرپولیس سمجھے کہ پسندیدہ افسرلا کر 25 تاریخ والا ڈرامہ دوبارہ کیا جاسکتا ہے تو لوگ وہ کریں گے کہ انہیں اندازہ نہیں ہے۔ لوگ بچوں کا پیٹ بھرنے سے بھی قاصر ہیں، قانون اور آئین کے دائرے میں ان کے خلاف اعلان جنگ کرتا ہوں ۔ہوسکتا ہے کل لاہوربھی جاؤں لیکن پہلے لال حویلی سے خطاب کروں گا۔

شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن میں دھاندلی نہیں ہوسکتی قوم اپنا فیصلہ خود کرنا چاہتی ہے۔ اداروں اور اسٹیبلشمنٹ سے بھی درخواست کرتا ہو کہ صاف شفاف انتخابات قوم کی ذمہ داری ہے اور ادارے بھی قوم کا حصہ ہیں۔ وہ ہم میں اور ہم ان میں سے ہیں۔ ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے رہے تو ملک میں کچھ بھی ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات سے قبل ایسے بدنام زمانہ شخص کو تعینات کردیا گیا جو آصف زرداری کی جیب کی گھڑی ہے اوران کے لیے رقمیں اکٹھی کرتا ہے۔ محسن رضا کو پنجاب میں دھاندلی کے لیے لایا گیا ہے۔ میں اعلان کرتا ہوں کہ جہاں یہ جلسہ کریں گے72 گھنٹوں بعد اسی جگہ جلسہ کروں گا۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div