Aaj News

جمعہ, اپريل 26, 2024  
17 Shawwal 1445  

پی ایس ایل 8: اسلام آباد پلے آف مرحلے میں، کوئٹہ کی چھٹی شکست

اسلام اۤباد کے کولن منرو نے 29 گیندوں پر 63 رنز کی شاندار اننگز کھیلی
اپ ڈیٹ 05 مارچ 2023 11:33pm

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کے21ویں میچ میں اسلام اۤباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی، شاندار بالنگ پر فضل حق فاروقی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں اسلام اۤباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے کھیلتے ہوئے اسکور بورڈ پر 179 رنز کا ہندسہ سجایا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے 180 رنز کا ہدف 3 گیندیں قبل حاصل کیا، اسلام اۤباد کی جیت میں کولن منرو نے اہم کردار ادا کیا، منرو نے 29 گیندوں پر63 رنزکی شاندار اننگز کھیلی۔

اسلام اۤباد کی بیٹنگ

اسلام اۤباد کی پہلی وکٹ صفر کے اسکور پر اس وقت گری جب رحمان اللہ میچ کی دوسری بال پر پویلین لوٹ گئے۔

دوسری وکٹ 52 کے مجموعے پر گری جب الیکس ہیلز 12 رنز بناکر نوین الحق کی بال پر نجیب اللہ زادرن کو کیچ دے بیٹھے۔

تیسری وکٹ 96 رنز پر گری ، کپتان شاداب خان 8 رنز بناکر افتخار احمد کی بال پر کیچ اۤؤٹ ہوئے۔

اسلام اۤباد کے چوتھے اۤؤٹ ہونے والے بلے باز کولن منرو تھے۔ کولن منرو نے کوئٹہ کے بالرز کی دل کھول کر پٹائی کی۔ انھوں نے 29 گیندوں پر برق رفتار 63 رنز اسکور کیے۔ کولن منرو کی دلکشن اننگ میں 4 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔

یونائیٹڈ کے مبصرخان 8 رنز پر اۤؤٹ ہوئے یہ ٹیم کی پانچویں وکٹ تھی جو 102 رنز پر گری۔ اس کےبعد اۤصف علی کو محمد نواز نے کلین بولڈ کیا۔ جبکہ جارح مزاج بلے باز اعظم خان نے 25 گیندوں پر 35 رنز بناکر ٹیم کو فتح کے قریب پہنچایا ۔ اعظم خان کو عمید آصف نے اۤؤٹ کیا۔ عمید اۤصف نے اعظم خان کے بعد اپنے اسی اوور میں حسن علی کو بھی وکٹ سے چلتا کیا۔

اسلام اۤباد نے 3 گیندیں قبل جب 180 رنز کا ہدف حاصل کیا تو فہم اشرف 39 رنز پر ناٹ اۤؤٹ رہے ۔

کوئٹہ کی جانب سے عمید آصف نے 3 وکٹیں اپنے نام کیں۔ محمد نواز نے 2 کھلاڑیوں کو اۤؤٹ کیا۔ نسیم شاہ، نوین الحق اور افتخار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بیٹنگ

کوئٹہ کی بیٹنگ کا اۤغاز مایوس کن رہا اور ابتدائی 4 وکٹیں جلد گرگئی تھیں۔ ٹیم کے صرف 17 رنز پر کپتان سرفراز سمیت اوپنر ول سمید، یاسر خان اور افتخار احمد پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد محمد نواز اور نجیب اللہ زدران نے ذمہ دارانہ بلے بازی کی ، دونوں کے درمیان 104رنز کی شراکت قائم ہوئی۔

نجیب اللہ زدران نے 59 اورمحمد نواز نے 52 رنزبنائے۔ اس کے بعد عمر اکمل نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے 14گیندوں پر43رنز اسکور کیے، عمر اکمل نے 5 شاندار چھکے بھی لگائے۔

پشاور یونائیٹڈ کی طرف سے فضل حق فاروقی نے عمدہ بالنگ کرکے 3 کھلاڑیوں کو اۤؤٹ کیا ۔ شاندار بالنگ پر فضل حق فاروقی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ یونائیٹڈ کے فہیم اشرف نے 2 اور رومان رئیس نے ایک وکٹ حاصل کی۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div