Aaj News

جمعرات, اکتوبر 10, 2024  
06 Rabi Al-Akhar 1446  

ایلون مسک دنیا کے پہلے ٹریلینیئر بننے کی راہ پر گامزن

مارک زکربرگ، گوتم اڈانی، جینسین ہوانگ، پراجوگو پینگیسٹو اور برنارڈ آرنولٹ بھی دوڑ میں شریک ہیں۔
شائع 08 ستمبر 2024 10:41pm

آپ نے مالدار ترین افراد کے بارے میں تو سُنا ہی ہوگا۔ یہ لوگ سیکڑوں ارب ڈالر کے مالک ہیں۔ اب ایک رپورٹ میں دعوٰی کیا گیا ہے کہ ٹیسلا، اسپیس ایکس اور ایکس کے مالک ایلون مسک 2027 تک بلینیئر سے بڑھ کر ٹرلینیئر بن سکتے ہیں یعنی اُن کے ذاتی اثاثوں کی مالیت ایک ہزار ارب ڈالر سے زیادہ ہوجائے گی۔ ایلون مسک کے ذاتی اثاثے اس وقت 251 ارب ڈالر ہیں۔

دنیا بھر کے مالدار ترین افراد کی دولت پر نظر رکھنے والے ایک گروپ کی رپورٹ کے حوالے سے برطانوی اخبار دی گارجین نے لکھا ہے کہ کئی دوسرے مالدار افراد بھی ایک ہزار ارب ڈالر کے سنگِ میل تک پہنچنے کی تگ و دَو کر رہے ہیں۔

انفارما کینکٹ اکیڈمی نے بتایا ہے کہ ایلون مسک کی دولت سالانہ 110 فیصد کی رفتار سے بڑھ رہی ہے۔ بلوم برگ بلینیئرز انڈیکس کے مطابق ایلون مسک دنیا کے امیر ترین فرد ہیں۔

اکیڈمی کے تجزیے کی رو سے بتایا گیا ہے کہ بھارت کے گوتم اڈانی ایک ہزار ارب ڈالر کا سنگِ میل عبور کرنے والے دوسرے فرد ہوسکتے ہیں۔ اس وقت اُن کی دولت سالانہ 123 فیصد کی رفتار سے بڑھ رہی ہے۔ وہ ممکنہ طور پر 2028 میں ٹرلینیئر بن سکتے ہیں۔

2028 ہی میں ٹیک فرم این وڈیا کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر جینسین ہوانگ اور انڈونیشیا کے انرجی اینڈ مائننگ مغل پراجوگو پینگیسٹو بھی ٹرلینیئر بن سکتے ہیں۔ برنارڈ آرنولٹ اور فیس بک کے سربراہ مارک زکربرگ بھی 2030 تک ایک ہزار ارب ڈالر کی منزل تک پہنچ سکتے ہیں۔

بلینیئر یعنی ایک ہزار ملین کا تعین 1916 سے شروع ہوا تھا۔ امریکا کے ڈی راکفیلر پہلے بلینیئر تھے۔ تب سے اب تک دنیا یہ دیکھنے کے لیے بے تاب ہے کہ ایک ہزار ارب ڈالر کی منزل تک پہلے کون پہنچتا ہے۔