Aaj News

ہفتہ, جولائ 12, 2025  
16 Muharram 1447  

غلافِ کعبہ کی روح پرور اور بابرکت تقریب روایتی عقیدت و احترام کے ساتھ انجام دی گئی

غلاف کعبہ کو 11 ماہ کی مسلسل محنت سے تیارکیاگیا ہے
اپ ڈیٹ 26 جون 2025 12:38am

مسجد الحرام میں غلافِ کعبہ کی تبدیلی ایک بڑی مذہبی اور روحانی تقریب ہے، جو ہر سال یکم محرم الحرام کو ہوتی ہے۔ اس سال بھی اس تقریب کے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں اور آج بعد نماز عصر غلافِ کعبہ کو تبدیل کیا گیا۔

بیت اللہ شریف کے غلاف کی تبدیلی کی روح پرور اور بابرکت تقریب روایتی عقیدت و احترام کے ساتھ انجام دی گئی۔ اس عظیم الشان موقع پر آئمہ کرام، کسوہ فیکٹری کے ماہرین، اعلیٰ سعودی حکام اور خصوصی تربیت یافتہ ٹیم کے ارکان نے شرکت کی۔

نئے غلافِ کعبہ کی تیاری میں اعلیٰ معیار کا ایک ہزار کلو خالص سیاہ ریشم، ایک سو بیس کلو خالص سونا، اور سو کلو چاندی استعمال کی گئی ہے۔ غلافِ کعبہ کو قرآنی آیات سے مزین کیا گیا ہے جو سنہری دھاگے سے انتہائی نفاست سے کشیدہ کی گئی ہیں۔

کسوہ کا وزن 1415 کلوگرام ہے اور اس میں ایک ہزار کلوگرام خالص ریشم استعمال کیا گیا ہے۔ اس غلاف میں 120 کلو سونے اور 100 کلو چاندی کے دھاگوں سے قرآن کی آیات کی کشیدہ کاری کی گئی ہے، جو اس کی روحانیت اور جمالیات کو بڑھاتی ہے۔

غلاف کعبہ کو 4 بڑے ٹکڑوں کے ساتھ ساتھ، درمیانے اور چھوٹے 47 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے جو ایک بہت بڑی فنونِ دستکاری کی مثال پیش کرتا ہے۔

اس تاریخی اور روحانی تقریب کا مقصد نہ صرف کعبۃ اللہ کی عظمت کا اظہار ہے بلکہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے وحدت اور عقیدت کا پیغام بھی ہے۔