بھارتی جارحیت پرہمارے صبر کو کمزوری نہ سمجھا جائے،وزیراعظم

شائع 15 نومبر 2016 10:20am
فائل فوٹو فائل فوٹو

اسلام آباد:وزیراعظم نوازشریف نے کہاہےکہ بھارتی جارحیت پر پاکستان تحمل کا مظاہرہ کررہا ہےتاہم ہمارے صبر کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا ، اس میں کشمیر کی کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ سے سات پاکستانی فوجیوں کی شہادت سے پیدا صورتحال پر غور کیا گیا۔

 مشیرخارجہ سرتاج عزیز نے بریفنگ میں کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر حالیہ دنوں بھارتی فورسز کی طرف سے سیز فائر کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا ، اس میں بچوں اور خواتین سمیت 26 شہری شہید اور 107 زخمی بھی ہوچکے ہیں ۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ بھارتی فورسز شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہیں، وزیر اعظم  نے شہادتوں پر گہری دکھ اور زخمیوں سے مکمل ہمدردی کا اظہار کیا۔

  انہوں نے کہاکہ بھارت ہمارے تحمل کو کمزوری نہ سمجھے، پاکستان ایسی حرکتوں سے تنگ آنے والا نہیں ہےاور ہم وطن کا دفاع کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، بھارتی جارحانہ ہتھکنڈوں سے خطے کی امن اور سلامتی کو خطرات لاحق ہیں، بھارت ایسی حرکتوں سے مقبوضہ کشمیر میں اپنے مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹا نہیں سکتا۔

 وزیراعظم نے کہاکہ اقوام متحدہ  بھارت کی حرکتوں کا نوٹس لے ، کنٹرول لائن پر فائرنگ میں پاک فوج کبھی پہل نہیں کرتی، وہ صرف جارحانہ اقدام کا موثر جواب دیتی ہیں۔

 امریکا سے تعلقات پر بریفنگ لینے کے بعد وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دنیا میں امن اورسلامتی کیلئے پاکستان امریکا کی نئی قیادت کے ساتھ قریبی تعاون کا خواہش مند ہے ۔