ترک صدر طیب اردوان 2روزہ دورے پر آج پاکستان پہنچیں گے
وزیراعظم اور دیگر حکام نور خان ایئر بیس پر استقبال کریں گے - فائل فوٹواسلام آباد:ترکی کے صدر رجب طیب اردوان 2 روزہ دورے پرآج پاکستان پہنچیں گے، وزیراعظم نواز شریف اور دیگر حکام نور خان ایئر بیس پر استقبال کریں گے۔
دفترخارجہ کے مطابق ،ترک صدر اپنے پاکستانی ہم منصب ممنون حسین کی دعوت پر 16اور 17نومبر کو پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔
ترک صدر کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان آرہا ہے، اس وفد میں کاروباری شعبہ کی ممتاز شخصیات بھی شامل ہوں گی۔
صدر رجب طیب اردوان اور وزیراعظم نوازشریف کے درمیان باضابطہ مذاکرات بھی ہوں گے ، اس میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر بات چیت ہوگی ۔
ترک صدر17نومبر کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے مشترکا اجلاس سے خطاب کریں گے ،مسئلہ کشمیر اور تنازعہ شمالی قبرص پر پاکستان اور ترکی ایک دوسرے کے موقف کی مکمل حمایت کرتے ہیں ۔
ترکی نے توقع ظاہر کی ہے کہ صدر اردوان کے دورے سے دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید وسعت آئے گی۔
ترک صدر گزشتہ عرصہ میں پاکستان کے کئی دورے کرچکے ہیں، دوبارہ صدر منتخب ہونے اور ترکی میں فوجی بغاوت ناکام بنانے کے بعد صدر رجب طیب اردگان کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہوگا، وہ اس دورے میں لاہور بھی جائیں گے جہاں وزیراعظم ان کے اعزاز میں شاہی قلعہ میں عشائیہ دیں گے ۔
















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔