تارک مہتا کا الٹا چشمہ کے کردار ڈاکٹر ہاتھی چل بسے

شائع 10 جولائ 2018 06:01am

11

بھارت کے معروف کامیڈی ٹی وی شو 'تارک مہتا کا الٹا چشمہ' کے مشہور اداکار (کوی کمار) ڈاکٹر ہنسراج ہاتھی کل صبح دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ وہ گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھے۔

شو کے ڈائریکٹر اسیت کمار مودی کا کہنا ہے کہ انہوں نے آج صبح فون کرکے بتایا کہ آج ان کی طبیعت کچھ ناساز ہے اور وہ شوٹنگ پر نہیں آ سکتے جس کے بعد اچانک ہمیں اطلاع ملی کہ ان کا انتقال ہوگیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سب یہ خبر سن کر دنگ رہ گئے۔

ڈاکٹر ہاتھی کو طبیعت زیادہ خراب ہونے کی باعث ممبئی کے وکارڈ اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں انہوں نے آخری سانس لی۔

ڈاکٹر ہاتھی کے کردار سے مشہور ہونےوالے اداکار کوی کمار 'تارک مہتا کا الٹا چشمہ’ کے علاوہ 'میلا' اور 'فنٹوش' جیسی فلموں میں بھی کام کرچکے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق ان کا وزن تقریباً 200 کلو گرام کے قریب تھا۔ یہ بھی اطلاعات ہیں کہ وہ گزشتہ کچھ دنوں سے ڈائٹنگ کررہے تھے تاکہ وزن کچھ کم کیا جاسکے۔

کوی کمار کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ دل کے بہت اچھے اور نرم دل انسان تھے۔ انہیں اپنے پرستاروں سے ملنا اچھا لگتا تھا۔

ممبئی کے میرا روڈ پر ان کی دکان تھی، جہاں وہ چھٹی کے وقت بیٹھتے تھے اور اپنے پرستاروں سے ملاقات کرتے تھے۔