گلوکار پٹھانے خان کو ہم سے بچھڑے 16برس بیت گئے

شائع 09 مارچ 2016 06:51am

pathany-khan0000000000000000

لاہور:لوک موسیقی کی دنیا پر طویل عرصے تک راج کرنے والے گلوکار پٹھانے خان کو مداحوں سے بچھڑے آج سولہ برس بیت گئے ،ان کو کافی،غزل اور لوگ گیتوں پر ملکہ حاصل تھا۔

انیس سو چھبیس کو کوٹ ادو میں پیدا ہونے والے لوک گلوکار پٹھانے خان کا اصل نام غلام محمد تھا جنہوں نے لوک گائیکی میں دنیا بھر میں منفرد مقام حاصل کیا۔ گلوکار پٹھانے خان کو کافی ،غزل اور لوگ گیتوں پر بے حد کمال حاصل تھا۔ انیس سو چھیہتر میں انہوں نے جندڑی لئی تاں یار سجن، الف اللہ چنبے دی بوٹی جیسے مشہور لوک گیت پیش کئے۔

استاد پٹھانے خان بنیادی طور پر سرائیکی زبان کے گلوکار تھے،جنہوں نے صوفی بزرگوں کے کلام کو اپنی آواز کے قالب میں ڈھالا،ان کی گائیکی سرائیکی وسیب کیلئے ایک اثاثہ ہے۔

لوک گائیک پٹھانے خان کو لازوال فنی خدمات کے باعث انیس سو انہتر میں صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا جاچکا ہے،آپ مختصر علالت کے باعث نو مارچ سن دوہزار کو اس جہاں فانی سے کوچ کر گئے۔