کیا بولی وڈ اداکارہ جیا خان کو قتل کیا گیا ؟ اہم انکشاف سامنے آگیا

شائع 20 ستمبر 2016 02:48pm
File Photo File Photo

ممبئی :معروف بولی وڈ اداکارہ جیا خان کی موت میں خودکشی کے امکان کو رد کردیا گیا۔ معروف بالی وڈ اداکارہ جیا خان کی خودکشی  کے کیس میں اہم موڑ آگیا۔ جیا خان کی موت سے متعلق یہ انکشاف سامنے آرہا ہے کہ ان کے موت کی بنیادی وجہ خودکشی نہیں تھی بلکہ جیا کو قتل کیا گیاہے۔

 معروف برطانوی فرانزک ایکسپرٹ پینے جیمز نے اداکارہ جیا خان کی طبی اور پوسٹ مارٹم رپورٹس کا جائزہ لیا ہے، اس دوران انہوں نے متعلقہ کمرے کی تصاویر کو بھی بغور دیکھا ہے۔

پینے جیمز کا کہناہے کہ خودکشی کے بعد اداکارہ جیاخان کے ہونٹوں پر ظاہر ہونے والے رگڑ کی طرزکے نشانات منہ کے نزدیک طاقت کے بھرپور استعمال کی صورت میں ظاہر ہوتے ہیں۔

برطانوی ماہر کا مزید کہنا تھا کہ بائیں ہاتھ اور ہونٹوں پر پڑنے والے نشانات حملے کے باعث بننے والے زخموں سے مشابہت رکھتے ہیں جبکہ جیا کے ہونٹوں کے ذیلی حصے اور گردن کے نشانات بھی خودکشی کے نتیجے میں رونما ہونے والے زخموں سے مطابقت نہیں رکھتے۔

File Photo File Photo

پینے جیمز نے جیا خان کی خودکشی سے متعلق کیس کی تحقیقات کرنے والے بھارتی اہلکاروں کی رپورٹ پر کئی سوالات بھی اٹھائے۔ ان کا کہنا تھا کہ کیس کی تحقیقات کرنوالے والے اہلکاروں نے اس حوالے سے طبی رپورٹس کا صحیح سے معائنہ نہیں کیااور کیس کی رپورٹس میں بھی کئی طرح کے سنجیدہ نوعیت کے سراغ موجود ہیں جن  کی ترجمانی صحیح طریقے سے نہیں کی گئی ۔

واضح رہے کہ دوہزار تیرہ میں معروف اداکارہ جیا خان کی لاش پنکھے سے لٹکی ہوئی ملی تھی اور تحقیقات میں ان کی موت کو خودکشی قرار دے دیا گیا جبکہ اس دوران جیا کا رابطہ اداکار سوراج پنچولی سے بھی رہا تھا اور کیس میں ان سے تحقیقات کی گئی تھیں ۔تاہم اب جیا کی والدہ رابعہ خان نے ایک برطانوی ماہر سے رابطہ کیا ہے جو کہ اس کیس کا بغور جائزہ لے رہا ہے۔