کنگ خان کا فلم دل والے پرمایوسی کا اظہار

شائع 15 جنوری 2016 10:20am

dil-wale000000000

ممبئی:بولی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی حالیہ ریلیز ہونے والی فلم دل والے دو ہزار پندرہ کی کامیاب فلموں میں سے ایک ہے،فلم کی کامیابی میں شاہ رخ اور کاجول کی جوڑی نے اہم کردار ادا کیا ہے،لیکن شاہ رخ فلم کے بزنس سے مایوس ہیں۔

تفصیلات کے مطابق حال ہی میں ریلیز ہوئی روہت شیٹھی کی فلم دل والے نے باکس آفس پر کامیابی حاصل کی ہے،ریلیز سے پہلے اس فلم کے بارے میں کہا جا رہا تھا کہ یہ دوہزار پندرہ میں سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلموں میں شامل ہوگی۔

فلم کی کامیابی کی ایک وجہ کا جول کی بولی وڈ میں پانچ سال بعد واپسی کو بھی قرار دیا جا رہا تھا ،فلم کامیاب بھی ہوئی اور باکس آفس پر اچھا بزنس بھی کیا لیکن شاہ رخ نے فلم کے حوالے سے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں ریلیز سے پہلے امید کر رہا تھاکہ فلم باکس آفس پر کمائی کے لحاظ سے تمام ریکارڈ توڑ دے گی۔لیکن ہوا اس کے برعکس جتنی امید تھی فلم نے اس سے کم بزنس کیا ہے اور اس صورتحال سے میں کافی پریشان ہوں۔

واضح رہے کہ فلم دل والے نے بھارت اور پوری دنیا میں تین سو پچاس کروڑ سے زائد کا بزنس کیا ہے لیکن فلم گزشتہ سال ریلیز ہوئی سلمان خان کی فلم بجرنگی بھائی جان اور پریم رتن دھن پایو سے زیادہ کمائی نہیں کر پائی اور شائد یہ ہی بات شاہ رخ کے لئے پریشانی کا باعث بنی ہوئی ہے۔