صنعاء:اتحادی افواج کی صدارتی محل اورقریبی علاقوں پرفضائی بمباری

شائع 28 جنوری 2016 07:30am

airstrike-saudi8-yaman

صنعاء:سعودی عرب کی قیادت میں اتحادی افواج نے یمنی دارالحکومت صنعا ء میں صدارتی محل اور قریبی علاقوں پر فضائی بمباری کی ہے،ادھر اقوام متحدہ نے ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ اتحادی افواج نے یمن میں وسیع پیمانے پر عام شہریوں کو فضائی حملوں میں نشانہ بنایا۔

یمن میں سعودی عرب کی قیادت میں اتحادی افواج کی نو ماہ سے جاری کارروائیوں میں اب تک پانچ ہزار سے زائد افراد مارے جا چکے ہیں جبکہ جنگجنووٴں کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ ہوئے،گزشتہ روز سعودی عرب اور اس کی اتحادی افواج نے دارالحکومت صنعا ئمیں دو گھنٹے تک بمباری کی،فضائی حملوں میں حوثی باغیوں کے زیر قبضہ فوجی ٹھکانوں کے ساتھ عام شہریوں کے گھروں کو نشانہ بنایا گیا۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کے مانیٹرنگ گروپ کے پینل نے سیکیورٹی کونسل کو یمن میں جاری سعودی حملوں کے حوالے سے ایک رپورٹ ارسال کی ہے،رپورٹ میں بتایا گیا کہ اتحادی افواج نے یمن میں وسیع پیمانے پر عام شہریوں کو فضائی حملوں میں نشانہ بنایا،پینل کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے بین الاقوامی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی ہے،پینل نے اقوام متحدہ سے تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے

ادھر یمن تنازع پر چودہ جنوری کو ہونے والے مذاکرات غیرمعینہ مدت تک کے لئے ملتوی کر دیئے گئے ہیں،اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے خصوصی ایلچی برائے یمن اسماعیل شیخ احمد سرکاری افواج اور باغیوں کے درمیان ثالثی کیلئے صنعا ء کا دورہ کرینگے،وہ اس حوالے سے پہلے بھی یمن کا دورہ کر چکے ہیں۔