ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ عوام کی آواز بن چکا ہے،شہبازشریف

شائع 13 دسمبر 2015 12:36pm

12

لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ اٹھارہ کروڑ عوام کی آواز بن چکا ہے،پاک افواج نے آپریشن ضرب عضب کے ذریعے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو نکیل ڈال دی ہے۔

لاہور میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت انسداد دہشت گردی کے حوالے سے پنجاب میں موثر اقدامات کئے گئے ہیں۔

توانائی بحران کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے بھی دن رات ایک کر رکھا ہے،وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں توانائی کے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے،دوہزار سترہ کے اختتام تک توانائی منصوبوں کی تکمیل سے نیشنل گرڈ میں ہزاروں میگاواٹ بجلی شامل ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی کاوشوں سے پاکستان محفوظ اور پرامن ملک بنے گا،پاکستان کے اندھیرے دور ہونگے اور ملک کا قریہ قریہ روشن ہوگا۔