ہوٹل کے کمرے سے بھارتی اداکارہ کی لاش برآمد
بھارتی ٹالی وڈ انڈسٹری کی معروف اداکارہ پایل چکرابورتی نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی۔ وہ ہوٹل کے کمرے میں مردہ حالت میں پائی گئیں۔
غیرملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق کولکتہ سے تعلق رکھنے والی اداکارہ پایل چکرابورتی سیر و تفریح کی غرض سے سکم گئی تھیں جہاں انہوں نے گینگٹاک کے ایک نجی ہوٹل میں کمرہ بک کروایا تھا۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق اداکارہ ہوٹل کے کمرے سے ایک دن تک باہر نہ آئیں تو انتظامیہ تشویش میں مبتلا ہوگئی جس کے بعد پولیس کو مطلع کردیا گیا، پولیس نے ہوٹل کے کمرے کا دروازہ کھولا تو اداکارہ مردہ حالت میں پائی گئیں۔
پولیس نے لاش تحویل میں لے کر فوراً تفتیش کا آغاز کردیا، تاہم اب تک اس بات کا پتہ نہیں لگایا جا سکا کہ اداکارہ کی ہلاکت کیسے ہوئی؟
پولیس نے انکشاف کیا ہے کہ بظاہر یہ خودکشی کا واقعہ لگتا ہے، تاہم کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔
واقعے سے متعلق پایل کے والد کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ چند برس سے ڈپریشن اور دیگر ذہنی مسائل کا شکار تھیں۔
دوسری جانب اداکارہ کے سابق شوہر سیانتانی نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں تاحال یقین نہیں ہو رہا کہ وہ اب اس دنیا میں نہیں رہیں۔
خیال رہے کہ پایل نے کچھ سال قبل ہی اداکار سیانتانی سے شادی کی تھی جبکہ 2 سال قبل ایک بیٹا بھی ہوا تھا۔ بیٹے کی پیدائش کے چند ماہ بعد ہی انہوں نے شوہر سے طلاق لے لی تھی۔
پایل چکرابورتی نے اپنے کیریئر کا آغاز سنہ 2004 میں کیا تھا اور اب تک 30 کے قریب فلموں میں کام کرچکی تھیں، اس کے علاوہ انہوں نے متعدد ٹی وی ڈراموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔