انڈسٹریل الائنس کارینجرز کے اختیارات میں توسیع کا مطالبہ

شائع 14 دسمبر 2015 03:05pm

12

کراچی:کراچی انڈسٹریل الائنس نے سندھ حکومت سے رینجرز کے اختیارات میں توسیع کا مطالبہ کردیا۔ صنعتکار اور تاجر کہتے ہیں قیام امن کے لیے رینجرز کو کراچی سمیت سندھ بھر میں فوری اختیارات دئیے جائیں۔

کراچی میں تاجر برادری بھی رینجرز کے حق میں باہر نکل آئی، کراچی پریس کلب میں ساتوں صنعتی زونز کے رہنماوٴں نے ہنگامی پریس کانفرنس کی، اور کہا کہ کراچی کی رونقیں بحال کرنے میں رینجرز کا اہم کردار ہے، رینجرز کے ختیارات میں فوری توسیع کی جائے۔

پریس کانفرنس کے بعد تاجر برادری نے پریس کلب کے سامنے احتجاج بھی کیا، تاجروں کا کہنا تھا رینجرز کے اختیارات کے معاملے کو صوبائی اور وفاقی حکومت انا کا مسئلہ نہ بنائے۔تاجروں نے کہا کہ شہر میں امن اور معاشی استحکام کے لیے رینجرز کے اختیارات فوری بحال کیے جائیں۔ کراچی آپریشن کا دائرہ سندھ تک بڑھایا جائے۔

تاجروں اور صنعت کاروں کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب پر پوری قوم متحد ہے، ارباب اختیار کراچی والوں پر رحم کریں۔