علی حیدر گیلانی 3 سال بعد گھر واپس پہنچ گئے

شائع 11 مئ 2016 10:01am
لاہور میں گیلانی ہاؤس پر کارکنوں نے علی حیدر گیلانی کا پرتپاک استقبال کیا- فائل فوٹو لاہور میں کارکنوں نے علی حیدر گیلانی کا پرتپاک استقبال کیا- فائل فوٹو

لاہور:سابق وزیراعظم کے بیٹے علی حیدر گیلانی 3 سال بعد اغواء کاروں کے چنگل سے آزاد ہوکر گھر واپس پہنچ گئے۔

لاہور میں گیلانی ہاؤس پر کارکنوں نے علی حیدر گیلانی کا پرتپاک استقبال کیا، اہل خانہ نے شکرانے کے نوافل بھی ادا کیے۔

نومئی 2013کو اغواء ہونے والے سابق وزیراعظم کے بیٹے علی حیدر گیلانی کو 3 سال بعد بازیاب ہونے پر افغانستان کے شہر کابل سے خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور ائیرپورٹ لایا گیا۔

ایئرپورٹ پر علی حیدر گیلانی کےبیٹے جمال الدین،والدہ،بھائی عبدالقادر اور موسی گیلانی سمیت خاندان کے 11 افراد موجود تھے۔

علی حیدر گیلانی خصوصی طیارے سے باہر آتے ہی بیٹے اور والدہ سے مل کر اشکبار ہوگئے۔

علی حید گیلانی ائیرپورٹ سے ڈیفنس میں اپنی رہائش گاہ پہنچے۔

 جہاں کارکنوں کی بڑی تعداد ان کے استقبال کیلئے بے تاب تھی۔

علی حیدر گیلانی کے قافلے کے پہنچتے ہی کارکنوں نے پھولوں کی پتیاں گاڑی پر نچھاور کرنا شروع کردیں۔

اس موقع پر کارکنوں نے مٹھائیاں بھی تقسیم کیں۔

پیپلزپارٹی کے رہنما شوکت بسرا کا کہنا تھا علی حیدر گیلانی کی واپسی پر ان کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں۔

لاہور گیلانی ہاؤس کے باہر کارکنوں کی جانب سے جشن کا سلسلہ جاری ہےڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے جارہے ہیں۔