نواز شریف کرپشن کے بادشاہ ہیں ،عمران خان

شائع 11 مئ 2016 04:44pm

فائل فوٹو فائل فوٹو

 بنوں :پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ نواز شریف کرپشن کے بادشاہ ہیں، انہیں بتانا پڑے گا کہ ان کے اثاثے کتنے ہیں اور کہاں سے آئے؟ کپتان نے بنوں میں جلسے کے دوران مخالفین کے اگلے پچھلے حساب برابر کردیئے۔

اس مواقعے پر کپتان نے عدالتی کمیشن کے بجائے نیب سے پاناما لیکس تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔ جلسے سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو بتانا پڑیگا کہ اتنے اثاثے کیسے بنائے؟اتنا پیسہ کہاں سے آیا؟کپتان کا کہنا تھا کہ عدالتی کمیشن کے ذریعے پاناما لیکس تحقیقات میں بہت وقت لگے گا۔انہوں نے نیب کے ذریعے کارروائی کا مطالبہ کیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ نیب نے نواز شریف کا احتساب کرلیا توپھر حالات بدلنا شروع ہوجائیں گے۔اس موقعے پر عمران خان نے مولانا جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ فضل الرحمان کو بھی مشورہ دے دیا اوربولے کہ اپنی جماعت کا نام نواز شریف کرپشن بچاوٴ پارٹی رکھ دیں۔انہوں نے اکرم درانی کو بھی کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف میرے اراکین کو خریدنے کے لیے پیسہ کہاں سے لائیں گے ، میاں صاحب نے جو کرنا ہے کرلیں،ائیرکنڈیشن شامیانے میں پٹواری جمع کرنے سے اب کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن کے بادشاہ کے خلاف لڑنا ہوگا،چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ اگر نوازشریف کا احتساب ہوگیا توپھر نیا پاکستان بننے سے کوئی روک نہیں سکتا ۔