بلوچستان اسمبلی :وزراء کے استعفے تک بائیکاٹ جاری رکھنے کا اعلان

شائع 14 مئ 2016 04:16pm
assembly_image فائل فوٹو

کوئٹہ :بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن نے سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک کے دور کے وزرا کے استعفے تک اسمبلی کا بائیکاٹ جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔بلوچستان اسمبلی کا اجلاس اسپیکر راحیلہ درانی کی صدارت میں ہوا۔اپوزیشن کی الزام تراشیوں نے سابق وزیراعلیٰ کو بھی بولنے پر مجبور کردیا۔

ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ دو ہزار دو سے گوادر میں کس نے کرپشن کی سب پتہ ہے،ریکوڈک اور گوادر سے متعلق تمام پردہ نشینوں کے نام اور ثبوت ان کے پاس موجود ہیں۔

اس سے قبل ڈپٹی اپوزیشن لیڈر زمرک خان نے کہا کہ کرپشن اسکینڈل پر ہمارے سوالات کا کوئی جواب نہیں دیا گیا، احتساب ڈرامہ لگ رہا ہے۔

حکومتی اور اپوزیشن اراکین نے ایک دوسرے پر الزامات کی بارش جاری رکھی۔ اسی دوران حکومت نے ورکرز ویلفیئر فنڈ وفاق کے حوالے کرنے کی قرارداد منظور کرلی گیا، زمرک خان کا مائک بند کرانے پر اپوزیشن ارکان نے شدید احتجاج کیا،اور ایوان سے واک آوٴٹ کرگئے۔

اپوزیشن رہنماوٴں نے پریس کانفرنس میں ڈاکٹر عبدالمالک کو چیلنج کیا کہ وہ سترہ مئی کے اجلاس میں ریکوڈیک سے متعلق تمام نام سامنے لائیں ورنہ انھیں جھوٹا سمجھا جائے گا۔