وزیراعظم کا بیرون ملک علاج کا خرچہ،درخواست سماعت کیلئے منظور

شائع 16 مئ 2016 10:20am
فائل فوٹو فائل فوٹو

 لاہور:لاہور ہائی کوررٹ نے وزیراعظم پاکستان کے بیرون ملک علاج اور اخباری اشتہارات کا خرچہ قومی خزانےسے کرنے کے خلا ف دائر درخواست باقاعدہ سماعت کے لے منظور کر لی۔

درخواست گزار اقبال جعفری نے عدالت کو بتایا کہ رجسٹرار آفس نے درخواست پر ناقابل سماعت ہونے کا اعتراض لگایا ہے۔

درخواست گزار کے مطابق، ‘وزیراعظم اپنا علاج بیرون ملک کرواتے ہیں، جس پر لاکھوں روپے خرچ آتا ہے۔ وزیراعظم کا یہ اقدام آئین کے آرٹیکل 3 اور 4 کی خلاف ورزی ہے’۔

درخواست گزار نے یہ موقف بھی اپنایا کہ وزیراعظم نے پاناما لیکس کے حوالے سے اخبارات میں اشتہار جاری کروا کر اپنی صفائی پیش کی جبکہ پاناما لیکس کا الزام وزیراعظم پاکستان پر نہیں بلکہ نواز شریف اور ان کے خاندان پر لگا ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ وزیر اعظم کو قومی خزانے سے اخبار میں اشتہار دینے کا حق حاصل نہیں۔ اقبال جعفری نے عدالت سے اپیل کی کہ وزیراعظم کو بیرون ملک علاج سے روکنے کے علاوہ ان سے اخبارات میں اشتہار کی رقم بھی وصول کی جائے۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد درخواست پر عائد اعتراض ختم کرتے ہوئے باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کرلی۔