نیب :رکن اسمبلی زمان مظہر اور سابق وزیر سردارحسین کیخلاف تحقیقات

شائع 25 مئ 2016 04:17pm
nab_image فائل فوٹو

اسلام آباد:نیب ایگزیکٹو بورڈ نے رکن قومی اسمبلی زمان مظہرخان اورسابق صوبائی وزیر تعلیم کے پی کے سردار حسین بابک کے خلاف مالی بدعنوانی کی تحقیقات کی منظوری دیدی۔ کے اے ایس بی بینک کی فروخت میں غیرشفافیت کی تحقیقات بھی کی جائے گی۔

چئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی زیرصدارت نیب کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں سابق وائس چانسلر وفاقی اردو یونیورسٹی ڈاکٹرظفراقبال اورسابق رجسٹرار کے خلاف تحقیقات کی منظوری دی گئی۔

ڈاکٹر ظفراقبال اور سابق رجسٹرار پرکروڑوں روپے کی خوردبرد اور دو کروڑ بیس لاکھ روپے کا غیرقانونی ٹھیکہ دینے کاالزام ہے۔ اجلاس میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے شیخ عبدالرشید کے خلاف کرپشن ریفرنس دائرکرنے کی منظوری دی گئی۔

ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی منظورقادرکے خلاف تحقیقات کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں رکن قومی اسمبلی زمان مظہرخان کے خلاف مشتبہ ٹرانزیکشن پرانکوائری کاحکم دیا گیا۔

سابق صوبائی وزیر تعلیم کے پی کے سردار حسین بابک کے خلاف بھی شکایت کی تحقیقات کی منظوری دے دی گئی ۔ مضارجہ اسکینڈل کے ملزم محمد احسان الحق کے خلاف بھی ریفرنس دائرکیا جائے گا۔ چیئرمین نیب نے بینک اسلامی کے، کے اے ایس بی بینک کی خریداری میں مبینہ عدم شفافیت کی تحقیقات کا حکم بھی دیا ہے۔