عید الاضحیٰ پر گھر کی صفائی اور گوشت کو محفوظ کیسے کیا جائے؟
فائل فوٹوعید الاضحیٰ پر خواتین کے حصے میں دگنا کام آجاتا ہے، کیونکہ ان کو قربانی کا گوشت سمیٹنے کے بعد کھانے کی بھی تیاری کرنی ہوتی ہے اور گوشت کے حصے کرکے ترتیب سے رکھنا بھی ہوتا ہے۔
قربانی کے گوشت کو محفوظ رکھنے کا ایک ہی ذریعہ ہوتا ہے اور وہ فریج ہے ۔ لہذا خواتین کو چاہیئے کہ عید آنے سے پہلے ہی فریج کو صاف کرلیں تاکہ قربانی کا گوشت دیرتک محفوظ رہے ۔
عید آنے سےقبل فریج میں سے غیر ضروری چیزیں نکال دیں اور فریزر میں پلاسٹک کی شیٹ بچھادیں تاکہ گوشت کے پیکٹ فریزر کی زمین پر چپکے نہیں۔
اس کے علاوہ فریزر میں بھی گوشت کی بدبو دور کرنے کےلیے ایک کوئلے کا ٹکڑا فریزر میں رکھ دیں تاکہ فریزر میں سے ہر قسم کی بو کا خاتمہ ہوجائے۔
فریج میں سے گوشت کی بدبو ختم کرنے کا ایک اور آسان حل یہ ہے کہ آپ کسی پیالی میں میٹھا سوڈا ڈال کر فریزر میں رکھ دیں، اس سے گوشت کے علاوہ دیگر چیزوں کی بدبو بھی ختم ہوجائے گی۔
چونکہ قربانی کا گوشت کئی دنوں تک گوشت میں رکھا رہتا ہے لہذا کوشش کریں کہ فریج کی پہلے ہی صفائی مکمل کرلیں تاکہ بعد میں کسی طرح کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے۔
اس کے علاوہ گھر کی صفائی بھی عید الاضحیٰ میں بے حد ضروری ہے۔ اگر گھر کو صاف نہ رکھا جائے تو مکھیاں اور چونٹیاں گھر میں آجاتی ہیں اور اس سے مزید گندگی پھیل جاتی ہے۔
جیسے ہی گھر میں قربانی کا کام ختم ہوتو فوراً فرش کو خون سے صاف کرلیں، دیر تک فرش میں خون لگے رہنے سے خون جم جاتا ہے اور صاف ہونا مشکل ہوجاتا ہے، لہذافرش کو فوراً کسی بلیچ سے صاف کرلیں۔ اس کے علاوہ خون کے دھبے دہی سے بھی باآسانی صاف ہوجاتے ہیں۔
عید الاضحیٰ میں جگہ جگہ قربانی ہونے کے باعث گندگی بہت ہوجاتی ہے اور صفائی کے ناقص انتظامات کے باعث مکھیاں بہت زیادہ ہوجاتی ہیں، جس کی وجہ سے مکھیاں گھروں کے اندر بھی آجاتی ہیں۔ اگر کھانے کے دوران مکھیاں بہت زیادہ تنگ کررہی ہوں تو اپنے دسترخوان پر پودینے کی چند پتیاں رکھ لیں ۔اس سے مکھیاں آپ کے دسترخوان سے دور رہیں گی۔
اسی طرح قربانی کے بعد چونٹیاں بھی کئی گھروں کا رخ کرلیتی ہیں ، چونٹیوں کو بھگانے کےلیے آسان طریقہ یہ ہے کہ آپ قربانی والی جگہ ہر سوکھا آٹا چھڑک دیں یا پھر اس جگہ کو فینائل سے صاف کرلیں۔















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔