معروف اداکارہ شروتی ہاسن کو قتل کی دھمکی دینے والا شخص سامنے آگیا

شائع 11 نومبر 2016 09:34am

shuruti2

ممبئی:بولی وڈ کی معروف اداکارہ شروتی ہاسن کو گزشتہ کافی عرصے  سے قتل کرنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں،ان دھمکیوں کیخلاف انہوں نے پولیس میں شکایت  کروائی ہے۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق شروتی کی جانب سے  انہیں ہراساں کرنے والے شخص کیخلاف درج کی جانے والی ا یف آئی آر میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پرساد انہیں سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ ٹویٹر  پر 7 ستمبر سے  توہین آمیز اور ناقابل برداشت پیغا مات بھیج رہا ہے۔

شروتی نے مزید کہا کہ پیغاموں  تک تو ٹھیک تھا لیکن اب وہ شخص قتل کرنے کی دھمکیوں پر اتر آیا ہے لہٰذا ان کی پریشانی میں اضافہ ہو گیا ہے۔

بولی وڈ  اور تامل فلموں کے نامور اداکار کمل ہاسن کی بیٹی شروتی  نے چنائی پولیس اسٹیشن کے  سائبر کرائم سیل میں دو صفحات پر مشتمل  شکایت درج کرواتے ہوئے کہا ہےکہ  اس نے  پیغامات میں  نازیبا زبان استعمال کرتے ہوئے  انہیں قتل کرنے کی دھمکی دی ہے۔

واضح  رہے کہ اداکارہ کو دھمکی دینے والے شخص کا تعلق بھارتی ریاست کرناٹکا سے ہے جبکہ اس کا نام ڈاکٹر کے جی گرو پرساد ہے۔

خیال رہے کہ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ شروتی کو قتل کی دھمکیاں دی جارہی ہیں ،بلکہ اس سے قبل 2013 میں بھی ان پر قاتلانہ حملہ ہو چکا ہے  تاہم وہ اس حملے میں بچ گئی تھیں۔

۔