امریکا: پاکستانی فلموں کی نمائش پرمبنی پہلے فلم فیسٹیول کا انعقاد
فائل فوٹونیویارک: امریکا میں پاکستانی فلموں کی نمائش پر مبنی پہلے فلم فیسٹیول کا انعقاد 3سے4 دسمبر کیا جائے گا، فیسٹیول کا انعقاد پاکستان کے مستقل مشن کے زیر اہتمام کیا جارہاہے۔
جہاں ایک جانب پاکستانی سینما حیران کن طور پر بحالی کی جانب گامزن ہے، وہیں اب پاکستانی فلموں کو بین الاقوامی سطح پربھی پذیرائی مل رہی ہے۔
امریکی شہر نیویارک میں ایشیا سوسائٹی میں 2 روزہ پاکستانی فلم فیسٹیول کا انعقاد کیا جائے گا۔جس میں بہترین پاکستانی فلموں کی نمائش کی جائے گی۔
نمائش میں پیش ہونے والی فلموں میں 2 نئی فلمیں "دوبارہ پھر سے" اور "لاہور سے آگے" بھی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ "ایکٹر اِن لاء" ، آسکر ایوارڈ کے لئے نامزد فلم "ماہِ میر" ، آسکر ایوارڈ جیتنے والی شرمین عبید چنائے کی اینی میٹڈ فلم "تین بہادر" جبکہ "دختر"، "ڈانس کہانی" اور "ہومن جہاں" بھی اس فیسٹیول کاحصہ بنیں گی۔
یہ فیسٹیول اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقبل مندوب ملیحہ لودھی کی قیادت میں امریکا میں موجود پاکستانی مشن کی جانب سے پاکستان کا اچھا پہلو اجاگرکرنے کی ایک کوشش ہے۔
ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ پاکستانی فلم ساز بہترین فلمیں تیار کررہےہیں ہم پاکستان میں بنائی گئی چند فلموں کو امریکا لارہے ہیں تاکہ 193 ملکوں سفیروں کو یہ دیکھنے کا موقع ملے کہ پاکستان شوبز انڈسٹری کیا کام کررہی ہے۔
دو دسمبر کو اقوام متحدہ میں فیسٹیول کے حوالے سے ریڈ کارپٹ کی تقریب ہوگی۔جہاں اقوام متحدہ میں تعینات مختلف ممالک کے نمائندوں کو بھی مدعو کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ فیسٹیول میں پاکستانی تارکین وطن اور فلموں کے شائقین بھی شرکت کریں گے۔
















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔